• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کارکنوں کو متحرک کریں گے، پی پی ملک و قوم کی خاطرکسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، پارٹی رہنما

بولٹن (ابرار حسین)پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے مرکزی رہنما سلطان حیات نے کہا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید نے استحصالی قوتوں کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے ملک کی بقا، سالمیت اور جمہوریت کی شمع کو روشن کرنے کیلئے اس وقت کے ڈکٹیٹر اور ظالم و جابر حکمران کے سامنے جھکنےکی بجائے مرمٹنے کو ترجیح دی اور قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن ظلم کا کوئی بھی حربہ اور قیدوبند ان کے حوصلے میں لغزش پیدا نہ کرسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی بولٹن برانچ کے زیراہتمام یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب کی صدارت برانچ کے صدر چوہدری ندیم اقبال سمیلہ نے کی جس میں برطانیہ کے مختلف شہروں لندن، برمنگھم، شفیلڈ، بریڈفورڈ، مانچسٹر، بلیک برن اور پرسٹن کے عہدیداروں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی ابتدا پیپلزپارٹی کے مذہبی امور کے صدر قاری علامہ محمد عباس کی تلاوت کلام پاک سے کی گئی جبکہ نظامت کے فرائض حاجی گلزار خان نے ادا کئے۔ سلطان حیات نے پیپلزپارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قربانیاں دینا پیپلزپارٹی کی سرشت میں شامل ہے اور پیپلزپارٹی اپنی شاندار روایات کو زندہ رکھتے ہوئے ملک و قوم کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی برطانیہ کو مزید فعال بنانے کیلئے پارٹی کارکنوں کو متحرک کیا جائے گا تاکہ ذوالفقار علی بھٹو شہید اور بینظیر بھٹو شہید کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔ پیپلزپارٹی بریڈفورڈ کے صدر آصف نسیم راٹھور نے دنیا بھر میں بسنے والے پارٹی کارکنوں کو یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی شہید بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید کا ورثہ ہے جنہوں نے اصولوں کی سربلندی کی خاطر شہادت کا راستہ اختیار کیا اور ملک کی سیاسی تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ کیا، انہوں نے سانحہ کارساز اور گڑھی خدابخش میں مدفون شہیدوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھٹو آج زندہ ہوتے تو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کا نقشہ کچھ اور ہوتا، مرکزی سیکرٹری انفارمیشن زاہد مغل نے پیپلزپارٹی برطانیہ میں شامل ہونے والے نئے عہدیداروں اور کارکنوں کو یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے انہیں اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا اور ان سے اپیل کی کہ پارٹی ڈسپلن کو مدنظر رکھتے ہوئے آپس میں اختلافات کو ہوا دینے کی بجائے یکجہتی کا اظہار کیا جائے تاکہ پارٹی کے امیج کو بین الاقوامی سطح پر بلند کیا جاسکے، نارتھ ویسٹ کے صدر حاجی گلزار خان نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ملک کی باگ ڈور اس وقت سنبھالی جب ملک مشکلات کا شکار تھا لیکن انہوں نے اپنی اعلیٰ سیاسی بصیرت سے جس طرح ملک کو بحرانوں سے نکالا اس پر انہوں نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گو بھٹو شہید کو جسمانی طور پر ہم سے جدا کردیاگیا لیکن عوام کے دلوں سے انہیں کون جدا کرے گا، پاکستان کی تاریخ کا یہ آفتاب آج بھی دنیا کی سیاست کو اپنی کرنوں سے منور کررہا ہے، ریکارڈ سیکرٹری برطانیہ نصراللہ مغل نے ذوالفقار علی بھٹو شہید کو زبردست الٖفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن دراصل تجدید عہد کا دن ہے ہمیںذوالفقار علی بھٹو شہید کے ویژن کو پھیلانے کے ساتھ ساتھ سمجھنا بھی ہوگا کہ پاکستان میں امن کے فروغ کیلئے کوششیں پایہ تکمیل تک پہنچ سکیں، انہوں نے کہا بھٹو شہید حقیقی معنوں میں ایک سوشلسٹ تھے اور لیبرپارٹی بھی انہی خطوط پر عمل کرتے ہوئے عوام کی خدمت کرتی ہے، شعبہ خواتین برطانیہ کی چیف کوارڈینیٹر غزالہ خان نے بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں سے تمام تر ہتھکنڈوں اور منفی سازشوں کے باوجود پیپلزپارٹی اور بھٹو شہید کی محبت کو عوام کے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا، باپ ،بیٹی جیسی شخصیات صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں، پیپلزپارٹی نارتھ زون کی صدر رضیہ چوہدری نے پارٹی کو متحد و منظم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھٹو شہید نے جمہوریت کی بقا اور پاکستان کے غریب عوام کیلئے جو قربانی دی اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پارٹی کے ہر کارکن کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے، بلیک برن کے صدر محمد حسین جعفری نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کو مخالفت برائے مخالفت کی پالیسی کی بجائے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے مرکزی قیادت کی ہدایات پر عمل پیرا ہوکر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، پی پی پی پرسٹن کے صدر میر حیدر تالپور نے مرکزی قیادت کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی برطانیہ کو ہم مضبوط بنائیں گے، پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نصراللہ خان نے کہا کہ بھٹو جیسے لیڈر کو اس طرح کھو دینا نہ صرف پارٹی سے زیادتی ہے بلکہ پاکستان کابھی ناقابل فراموش نقصان ہے، بولٹن برانچ کے سینئر نائب صدر شیخ یاسر وسیم نے کہا کہ پاکستان میں صرف پیپلزپارٹی ہی ایک ایسی جماعت ہے جو ملک و قوم کی خاطر اپنے لیڈروں اور کارکنوں کی قربانیاں دینے سے دریغ نہیں کرتی۔ بولٹن برانچ کے صدر چوہدری ندیم اقبال سمیلہ نے اپنے صدارتی خطاب میں بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ضیاءالحق کی آمرانہ پالیسیوں اور مارشل لاء کے دور میں جب پیپلزپارٹی پر پابندیاں عائد تھیں اور بھٹو شہید پابند سلاسل تھے، بھٹو کا نام لینے والوں کو کوڑے مارے جاتے تھے اس وقت بھٹو شہید جیسی نڈر قیادت نے ملک و قوم اور پارٹی کا وجود قائم رکھنے کیلئے جس جوانمردی کے ساتھ ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جان کی بازی لگائی وہ یقیناً پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، یوتھ ونگ رادھرم کے نائب صدر تبارک محمود نے کہا کہ شہید بھٹو نے نوجوانوں کی اس وقت جس طرح پذیرائی کی تھی آج ہم اس دن کی مناسبت سے عہد کرتے ہیں کہ نوجوان طبقہ کو آگے لائیں گے۔ تقریب سے سنیئر نائب صدر چوہدری شہباز احمد (کھوجہ) سید ضمیر حیدر، سینئر نائب صدر نارتھ ویسٹ بیدار بخت، جنرل سیکرٹری بلیک برن چوہدری عرفان وسن، حاجی ناصر محمود شیر، وقاص پیرزادہ، علی رضا اور دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں یوم تاسیس کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔
تازہ ترین