• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ، امریکہ اور ایشیائی اسٹاک مارکیٹس مندی کا شکار

نیویارک (نیوز ڈیسک) امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی جنگ دوبارہ چھڑنے کے خدشات کے باعث امریکہ میں شیئر مارکیٹس زوال کا شکار ہونے کے بعد برطانیہ اور ایشیا کی مارکیٹس بھی مندی کا شکار نظر آئیں۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق، لندن کے فنانشل ٹائمز اسٹاک ایکسچینج (ایف ٹی ایس ای) میں سرکردہ شیئرز انڈیکس 81پوائنٹس کمی کا شکار رہا، اس سے قبل امریکی سرمایہ کاروں نے گزشتہ روز اپنی ایکوئٹیز فروخت کردیں، امریکی اسٹاک ایکسچینج میں ایس اینڈ پی کو 3.2فیصد کا نقصان ہوا۔ ایشیائی مارکیٹس کو بھی مندی کا سامنا رہا جہاں ہانگ کانگ کا مرکزی انڈیکس 1.6فیصد پوائنٹس کی کمی کا شکار نظر آیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معاشی سست روی کی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یہ انتباہ جاری کیا جانا ہے کہ چین کے ساتھ تجارتی جنگ میں ہونے والی جنگ بندی ختم ہو سکتی ہے۔ امریکہ میں شیورلیٹ، کیڈلیک، فورڈ، جنرل الیکٹرک کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ امریکہ میں جاری معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ مرکزی بینک یو ایس فیڈرل ریزرو اپنے منصوبے کے تحت آئندہ سال شرح سود میں اضافہ نہیں کر پائے گا۔ فی الوقت بانڈ مارکیٹ سے آنے والے اشاریوں کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ کساد بازاری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
تازہ ترین