• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضرت محمدﷺ نے دوسرے مذاہب کا احترام سکھایا، پیر ابواحمد مقصود مدنی

آشٹن(پ ر) رب العالمین نے حضرت محمدﷺ کو آخری نبی بھیج کر دو جہاں کیلئے رحمۃاللعالمین بنا دیا،آپؐ سے پہلے لوگ زمانہ جاہلیت میں زندگی گزار رہے تھے خصوصاً عورتوں کے ساتھ ظلم و زیادتی غلامانہ سلوک اور بچیوں کوزندہ درگور کرنا عام رواج تھا حضرت محمدﷺ نے انسانیت، ہمدردی امن و محبت اورباہمی بھائی چارے کے ساتھ دوسرے مذاہب کو عزت و احترام سکھایا اس وجہ سے رب العالمین نے جو مرتبہ و مقام آپﷺ کو عطا کیا وہ پہلے پیغمبران کو نصیب نہیں ہوا،ان تاریخی حقائق کوادارہ نور الاسلام فیصل آباد کے بانی پیر ابو احمد محمد مقصود مدنی نے آشٹن ٹائون میں مشہور و معروف سماجی،مذہبی و کمیونٹی شخصیت الحاج محمد شبیر نقشبندی کی رہائش گاہ پر میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں رکھی گئی ایک روح پرور اور ایمان افروز محفل کے موقع پر شریک محفل کو بتاتے ہوئے موتیوں کی لڑی میں پرودیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نبی کریمﷺ سے عشق ہمارے ایمان کا حصہ ہے حضرت محمدﷺ پر نبوت ختم ہے اور تا قیامت اور کوئی نبی نہیں آئے گا،افسوس کا مقام یہ ہے کہ آج کے دور میں امت مسلمہ نے سیرت النبیﷺ پر عمل کرنا اور قرآن مجید کی تعلیمات سے رہنمائی لینا چھوڑ دیا ہے جس کی وجہ سے آزمائشوں کا سامنا ہے لیکن اس وقتی آزمائش سے نکل کر ایک بار پھر دین اسلام کا عالم اقوام میں غلبہ ہو گا اس کیلئےہمیں استقامت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا ہو گا اور نوجوان نسل کو اسلام کی تبلیغ کیلئے تعلیم دینی ہو گی جو کہ یورپ اور برطانیہ میں حوصلہ افزا ہے،محفل میں نعت رسول مقبولؐ کا نذرانہ پیش کر کے حاجی محمد اشفاق وارثی،حاجی عبدالقیوم مدنی،قاری زاہد شریف،شہباز حسن قادری نے محفل میں روحانی وجد پیدا کر دیا،محفل میں امجد حسین،الحاج شبیر راٹھور،حاجی عبدالقیوم،جہانگیر وارثی، آصف حبیب ملک و دیگر نے شرکت کی۔
تازہ ترین