• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیٹوں کو 17کروڑ کے تحائف ، شہباز شریف ذرائع نہیں بتا سکے

لاہور (نیوزرپورٹر)نیب لاہور کی تحقیقاتی ٹیم نے گزشتہ روز احتساب عدالت لاہور میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے اب تک کی جانے والی تفتیش کے حوالے سے رپورٹ جمع کرا دی ۔نیب کی رپورٹ کے مطابق شہباز شریف اب تک اپنے بیٹوں کو دئیےگئے تحائف کی مد میں 17 کروڑ روپے سے زائد آمدن کے ذرائع نہیں بتا سکے۔رپورٹ کے مطابق شہباز شریف کے اکاؤنٹ میں 2011سے 2017 کے دوران 14 کروڑ روپے سے زائد منتقل ہوئے لیکن وہ اس آمدن کے ذرائع نہیں بتا سکے۔ شہباز شریف نے اعتراف کیا کہ انہوں نے 2 کروڑ روپے سے زائد کی رقم بطور کرایہ رمضان شوگر مل کے توسط سے مری میں ایک جائیداد کی لیز کے طور پر حاصل کی۔رپورٹ کے مطابق 2014 سے 2017 کے درمیان شہباز شریف کے اکاؤ نٹ میں مسرور انور نامی شخص کے ذریعے 5کروڑ 50 لاکھ روپے منتقل ہوئے شہباز شریف اس رقم کی ٹرانزیکشن کے حوالے سے بھی نیب کو جواب نہ دے سکے۔نیب رپورٹ میں بتایا گیا کہ 3 کروڑ 90 لاکھ روپے 2013 اس وقت منتقل ہوئے جب آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کے ٹھیکے کا عمل چل رہا تھا۔تفتیشی رپورٹ کے مطابق مسرور انور اور مزمل رضا شریف خاندان کے ملازم ہیں جو کہ اس دوران متعدد مرتبہ شریف خاندان کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل کرتے رہے۔
تازہ ترین