• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آر جان بوجھ کر علیمہ خان کا معاملہ لٹکانا چاہتا ہے، سپریم کورٹ

اسلام آباد(ایجنسیاں)سپریم کورٹ نے بیرون ملک جائیدادوں کے کیس میں تفصیلی رپورٹ طلب کر تے ہوئے کہا ہے کہ ایف آئی اے نے بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں کے بارے میں تحقیقات مکمل کی ہیں لیکن ایف بی آر نے معاملے کو سرد خانے میں ڈال دیا ہے‘ڈیڑھ ماہ گزرگیامگرکوئی نتیجہ نہیں نکلا‘ شاید ایف بی آرکی ہمدردیاں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے ہزاروں جائیدادیں باہر بنائی ہیں‘ ایف بی آرجان بوجھ کر علیمہ خان کا معاملہ لٹکانا چاہتا ہے ‘ عدالت نے آئندہ سماعت پرعلیمہ خان کی بیرون ملک جائیداد کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت منگل تک ملتوی کردی۔ا دھر سپر یم کورٹ نے غیر قانونی پٹرول پمپس سے متعلق کیس میں غیر قانونی پٹرول پمپس کی زمین نیلام کرنے کا حکم دیدیا‘علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے پلاٹس ٹرانسفر فیس ازخود نوٹس میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کو بھی نوٹس جاری کردیا۔عدالت عظمیٰ نے سندھ میںسرکاری اسکولوں کی تعمیر میں مبینہ کرپشن پرنیب کو تحقیقات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ تحقیقات مکمل کرکے ذمہ دار افراد کیخلاف کارروائی کی جائے۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پاکستانیوں کی بیرون ملک جائیدادوں کے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر عدالت میں پیش ہوئے، چیف جسٹس نے ان سے کہا کہ عدالت نے یکم نومبر کو بیرون ملک پاکستا نیو ں کی جائیدادوں کی تحقیقات کر کے رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا لیکن ابھی تک ایف بی آر تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے، ہم نے پہلے 20 لوگوں کی تحقیقات کر کے رپورٹ جمع کرانے کا کہا تھا اورمشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھی اس لیے بنائی تھی کہ جلد تحقیقات مکمل ہوںمگر ڈیڑھ ماہ گزر گیا، ابھی تک کوئی نتیجہ سامنے نہیں آسکا،ایف آئی اے نے تحقیقات مکمل کرکے آپ کے حوالے کر دی ہیں مگر آپ نے اسے سرد خانے میں ڈال دیاہے ، آپ ہمیں بتائیں کہ علیمہ خان کی بیرون ملک جائیداد کے حوالے سے تفصیلات کہاں ہیں ۔ عدالت میں موجود ایف بی آر کے ممبر نے جواب دیا کہ علیمہ خان کے بارے میں تمام معلومات لاہور میں ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اسی کام کیلئے آپ کو لاہور بھجوایا تھالیکن آپ پھر بھی تفصیلات نہیں لا سکے۔ ادھر سپریم کورٹ نے غیر قانونی پٹرول پمپس سے متعلق کیس میں غیر قانونی پٹرول پمپس کی زمین نیلام کرنے کا حکم دیدیا۔ جمعرات کو چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بینچ نے ایل ڈی اے کی زمین پر غیر قانونی پٹرول پمپس سے متعلق کیس کی سماعت کی۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے پلاٹس ٹرانسفر فیس ازخود نوٹس میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کو بھی نوٹس جاری کردیا۔ جمعرات کو چیف جسٹس میا ثاقب نثار کی سربراہی میں بینچ نےازخود نوٹس کی سماعت کی۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اربوں روپے ٹرانسفر کی مد میں حکومت کو واجب الادا ہیں‘ آپ لوگ سیل ڈیڈ کے بجائے ایک الاٹمنٹ لیٹر دیتے ہیں ٗٹرانسفر فیس اور سی وی ٹی ادا نہیں کرتے۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے اعداد و شمار کے مطابق آج تک 14 ارب روپے نہیں دیے، آپ کا فارنزک آڈٹ کرا لیتے ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ سیل ڈیڈ کے بغیر زمین ٹرانسفر ہی نہیں کی جاسکتی۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آج تک جو کچھ کیا جاتا رہا، غیر قانونی تھا، زمین رجسٹریشن کی پوری فیس آپ کے ذمے واجب الادا ہے۔

تازہ ترین