• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی اکائونٹس کیس تحقیقات، جے آئی ٹی نے بلاول بھٹو کو سوالنامہ ارسال کردیا

اسلام آباد(زاہد گشکوری)مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوکو ایک مشکل سوالنامہ ارسال کردیا ہے جس میں ان سے پوچھا گیا ہے کہ کس طرح انکی میسرززرداری گروپ پرائیویٹ لمیٹڈ کودر جنوں جعلی اکائونٹس میں جانیوالے اربوں روپے کے ذر یعے فائدہ پہنچایاگیا جس نے کرپشن کی تحقیقات کرنیوا لے اداورں کومتحرک کردیا،اربوں روپے کے جعلی بینک اکائو نٹس سکینڈل کی تحقیقات کے دوران ناقابل یقین انکشافات ہورہے ہیں تحقیقات کرنیوالے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق 300جعلی اکائونٹس سے بالواسطہ یا بلا واسطہ مستفید ہونیوالے 600 افرادنے تقریباً110ارب روپے جمع کئے،اس سلسلے میں بلاول بھٹوکے وکیل فاروق ایچ نائیک نے اس نمائندہ کوبتایاکہ جے آئی ٹی کی جانب سے بھیجا جانیوالا سوالنامہ موصول ہوگیا ہے اور ہم اس کا آج جمعہ یاکل ہفتہ کوتفصیلی جواب بھی دینگے، سوالنامہ معمول کی کارروائی پرمبنی ہے جس میں انکشاف کیاگیاہے کہ ڈائریکٹر میسرززرداری گروپ پرائیویٹ لمیٹڈکی حیثیت سے معاملہ کے بارے میں تمام حقائق اور حالات سےواقف ہیں اوراس کیس کے حوالے سے معلومات بھی رکھتے ہیں،جے آئی ٹی نے22 نومبر کوایک نوٹس کے ذریعے بلاول بھٹوزرداری کو 28 نومبرکوایف آئی اے آفس کراچی میں پیش ہونیکاحکم دیاتھا۔

تازہ ترین