• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلین اینڈ گرین مہم کا دائرہ نہروں تک وسیع کردیاگیا

پشاور(سٹی رپورٹر)پشاور میں کلین اینڈ گرین مہم کا دائرہ کار نہروں اور ندی نالوں تک وسیع کر دیا گیااور ندی نالوں میں کوڑا کرکٹ ڈالنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملک شیر دل خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹاؤن ون اصلاح الدین ، ایمرجنسی آفیسر عارف خان ، محکمہ ایریگیشن اور دیگر محکموں کے افسران نے بڈھنی نالے سے صفائی مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے دیگر افسران کے ہمراہ ریسکیو 1122 کی کشتی میں بڈھنی نالے کے مختلف حصوں کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ نہروں اور ندی نالوں میں کوڑا کرکٹ نہ ڈالیں اور انتظامیہ کے ساتھ صفائی میں تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے اس ضمن میں ندی نالوں میں کوڑا کرکٹ ڈالنے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کر دی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پشاور کو پاک صاف رکھنے میں عوام کا بہت کردار ہے اور ہم سب کو پشاور کی صفائی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور کلین اینڈ گرین مہم کو کامیاب بنانا ہے۔
تازہ ترین