• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیم سے ہی سنگین چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے،محمودجان

پشاور (سٹی رپورٹر) ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان نے کہا ہے کہ تعلیم عام کر کے ہی دور حاضر کے سنگین چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے کیونکہ علم کا حصول ممکن بنا کر نہ صرف معاشرے کی فلاح وبہبود ممکن بنائی جاسکتی ہے بلکہ ملک اور قوم کو بھی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ پرائمری سکول ڈانگ لختہ بالا نمبر1 سرکل تخت آباد پشاور میں مفت یونیفارمز کی تقسیم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ تقریب میں ڈسٹرکٹ ممبر سیدان شاہ باچا، ویلج چیئرمین شفیق خان اور ایس ڈی ای او خلیل الرحمن کے علاوہ پرنسپل، اساتذہ، طلبہ اور ان کے والدین کی ایک کثیر تعداد موجود تھی ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ علم کے حصول سے تمام چیلنجز کا بخوبی مقابلہ کیا جاسکتا ہے اور مستقبل کے معماروں کو باصلاحیت بنا کر موثر و مثبت معاشرے کی تکمیل کی جاسکتی ہے انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم سے متعلق باز پرس یقینی بنائے اور وقتاً فوقتاً اساتذہ سے روابط رکھ کر بچوں کی کارکردگی کے بارے میں معلومات حاصل کرتے رہیں تاکہ بچوں کو معیاری تعلیم کا حصول ممکن بنایا جاسکے۔ ڈپٹی سپیکر نے طلبہ کی جانب سے پیش کردہ مختلف خاکوں، نعت خوانی اور ٹیبلو پر ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت سرکاری سکولوں کے معیار کو مزید بہتر کرنے میں مصروف عمل ہے اور حکومت بجٹ میں ایجوکیشن کیلئے نہایت خطیر رقم مختص کر چکی ہے ۔
تازہ ترین