• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حساس ادارے کے اہلکاروں کے بھیس میں ڈکیتیاں کرنے والا گروہ گرفتار

پشاور( کرائم رپورٹر) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے خود کو خفیہ ایجنسی کا اہلکار ظاہر کرکے تاجروں سے بھاری رقم چھیننے میں ملوث سابق پولیس اہلکار کے ساتھ ساتھ ڈکیتی میں ملوث2ملزمان کو گرفتار کر لیا ‘ تینوں ملزمان کے قبضے سے جعلی نمبر پلیٹ لگی گاڑی،14لاکھ روپے ، پرائز بانڈزاور تین تولہ سونا بھی برآمد کر لیا گیا ‘ ملزم سید کمال کا تعلق باڑہ سے ہے جو محکمہ پولیس میں بطور کانسٹیبل تعینات تھا جس کو محکمہ سے سال 2014 ءمیں برخاست کر دیا گیا تھا ‘ملزم معصوم تاجروں کی ریکی کرکے موقع ملنے پر خود کو خفیہ ادارے کا اہلکار ظاہر کرکے ان کو گاڑی میں بٹھا کر بھاری رقوم لے کر رفو چکر ہو جاتا تھا ۔حاجی محمد طاہر ولد حاجی مستقیم سکنہ لکی مروت نے تھانہ انقلاب پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بیان کیا کہ وہ کاروبار کی رقم16 لاکھ 60 ہزار روپے لے کر اپنے گھر جا رہا تھا کہ سکیم چوک میں ایک موٹرکار نمبریKJ/237 جس میں دو اشخاص سوار تھے نے گاڑی سے اتر کر اپنے آپ کو خفیہ ادارے کے اہلکار ظاہر کرکے گاڑی میں سوار ہونے کا کہا اور سیفن چوک پہنچ کر اس سے تمام رقم، موبائل فون اور دیگر سامان اپنی تحویل میں لے لیا اور اُسے شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی بنوانے کے بہانے گاڑی سے اتار کر ملزمان فرار ہوگئے ۔اسی طرح مسماۃ (م)نے تھانہ آغہ میر جانی شاہ پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ وہ اپنے گھر میں موجود نہیں تھی کہ اس دوران کسی نے اس کے گھر سے 2لاکھ 68 ہزار روپے کی نقد رقم، تین تولہ سونا اور پرائز بانڈز چوری ہوگئے ۔پولیس نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کا عمل جاری رکھتے ہوئے متعدد مشتبہ افراد کا کرائم ڈیٹا اکٹھا کیا جبکہ متعدد افراد کو شامل تفتیش کرکے انٹاروگیٹ بھی کیا گیا‘گزشتہ روزایس ایچ او تھانہ آغہ میر جانی شاہ اور ایس ایچ او تھانہ انقلاب نے دیگر نفری پولیس کے ہمراہ الگ الگ کارروائیوں کے دوران خود کو خفیہ ادارے کا جعلی اہلکار ظاہر کرنیوالے ملزم سید کمال ولد عراق شاہ سکنہ باڑہ حال پخہ غلام اور مسماۃ(م) کے گھر سے چوری کرنے والے ملزمان اسرار اور ارسلان پسران سید عمر ساکنان حمید آباد کاکشال جو کہ مدعیہ کے قریبی رشتہ دار ہیں کو بھی گرفتار کر لیاجنہوں نے انٹاروگیشن کے دوران دیگر متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
تازہ ترین