• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمیں اپنی زندگی میں ایسے دوست بہت ہی کم ملتے ہیں، جو آخری وقت تک بلا غرض اور بغیرکسی مفاد ہمارا ساتھ نبھائیں اور بدلے میں ہم سے کسی تحفے ، ہمدردی اور توجہ کی ا مید بھی نہ رکھیں۔ایک ایسا دوست جو دروازے پر منتظرگھر پہنچتے ہی آپ کو پیار کرنا شروع کردے ،جو سوئمنگ پول میں آپ کے ساتھ مچھلی کی طرح تیرنے لگ جائے،ایک ایسا دوست جو صبح سویرے چہل قدمی یا جاگنگ میں آپ کا ساتھی بن جائے۔ جانوروں پالنے کے شوقین افراد یقیناً سمجھ گئے ہوںگے کہ ہم کن دوستوں سے متعلق گفتگو کررہے ہیں کیونکہ Pets کے بغیران شوقین افراد کو اپنی زندگی ادھوری سی لگتی ہے۔لیکن جس طرح آپ کا یہ دوست بلاغرض و مفاد آپ کے ساتھ پیش پیش ہے، بالکل اسی طرح اس کا تحفظ ،دیکھ بھال اور افزائش آپ کے فرائض میں شامل ہے۔ ہر سال دسمبر کے دوسرے ہفتے میں آنے والے اتوار کو ویٹرنری میڈیسن کا عالمی دن ہوتا ہے تو اسی مناسبت سے آج دنیا بھر میں یہ دن منایا جارہا ہے، جس کا مقصد جانوروں کی دیکھ بھال اور ان کی حفاظت کے علاوہ ان کے علاج معالجے اور دواؤںسے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ ان میں پائی جانے والی بیماریوں کی روک تھام کی جاسکے۔

الرجیز اور انفیکشن

الرجیز یا انفیکشن کا خطرہ انسانوں کے علاوہ جانوروں میں بہت زیادہ ہوتا ہے۔ آپ جب بھی اپنے پالتو جانور میں غیر معمولی تبدیلی محسوس کریں تو فوری طور پر اسے چیک اَپ کے لیے کسی ماہر ویٹرینری ڈاکٹر کے پاس لے جائیں۔ چیک اَپ کے بعد ان کی خوراک میں وہی غذائیں شامل کریں، جوویٹرینری ڈاکٹر کی ہدایت کردہ ہوں۔ ساتھ ہی اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کا معصوم اوربے زبان دوست الرجی بڑھانے والی خوراک کہیں سے بھی حاصل نہیں کرپائے۔ انفیکشن اور الرجی کی صورت میں متاثرہ جانور کو دوسرے جانوروں سے علیحدہ کردیں۔ ان تمام احتیاط کے ساتھ ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ ویٹرینری ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق اپنے پالتو جانور کو دوایا انجیکشن لگائیں۔

بیکٹریا اور گندگی سےصاف ماحول

جانوروں کو بیماریوں سے دور رکھنے کے لیے ان کی باقاعدہ صفائی بھی بے حد ضروری ہے۔ جانور پالنے کے شوقین افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ جانوروں کو بیکٹریا سے پاک ماحول فراہم کریں۔ بہت سے ایسے بیکٹریا اور پیسٹی سائیڈ ہیں، جو بظاہر نظر نہیں آتے مگر گھر کے فرش اور جانوروں کے پنجروں میں پائے جاتے ہیں۔ ان بیکٹریا سے انھیںمحفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے آپ گھر کے فرش کو مخصوص قسم کے کلینر سےصاف کریں۔ عام کلینر پالتو جانوروں کی صحت کے لیے مفید نہیں،اس سلسلے میں ویٹرنری ڈاکٹر کی رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے اور اس سے یہ بھی معلوم کیا جاسکتا ہے کہ بیماری کی عام علامات یا فرسٹ ایڈ کے طور پر کونسی دوائیں بہتر رہیں گی۔

جانوروں میں پائی جانے والی عام بیماریاں

جانوروں کی ایک خاصیت یہ ہے کہ یہ بیمار ہونے کے باوجود خود کوبہتر ظاہر کرتےہیں۔ چند ہی ایسی نشانیاں ہیں، جو ان میں پائی جانےوالی بیماری سے متعلق آگاہی فراہم کرتی ہیں۔ جانوروں میں پائی جانے والی عام بیماریوں میں قے او ر ڈائریا، کھانسی، سانس لینے میں مشکلات،کان اور اور آنکھوں میں مسئلہ، جِلد کی خارش، یورین انفیکشن، غنودگی اور جسمانی سرگرمیوں میں تبدیلی وغیرہ شامل ہیں۔ ان سب بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے کہ آپ اپنے پالتو جانور کو وقت پر ویکسین لگوائیں۔

ویکسینیشن

جانور معصوم اور بے زبان ہوتے ہیں، ان پر مختلف بیماریاں اثر انداز ہوسکتی ہیں۔ یہ اپنی بیماری کے بارے میں خود نہیں بتاسکتے،خاص طور پر برسات کے موسم میں، اس لیے ان کو بیماری سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ آپ انھیں ٹیکےلگوائیں۔ ہر جانور کے لیے الگ ٹیکے ہوتے ہیں، جن کی میعاد بھی مختلف ہوتی ہے۔ویٹرنری ڈاکٹر آپ کے پالتو جانور کا ویکسین شیڈول اس کی عمر، میڈیکل ہسٹری، خوراک اور ماحول کو دیکھ کر طے کرتا ہے۔ ویکسین نہ صرف جانوروں کو بیماری سے بچاتی ہیں بلکہ انسانوں کو بھی ان کے کاٹنے سے ہونے والے نقصان سے بچاتی ہے۔

باقاعدگی سے چیک اَپ

جانور پالنا اور ان کی دیکھ بھال و حفاظت کرنا کوئی آسان کام نہیں۔ چونکہ یہ معصوم اور بے زبان ہوتے ہیں، اس لیے ان کی بیماریوں اور تکلیف کو سمجھنا، ان کی حفاظت اور علاج ومعالجہ سب آپ کی ذمہ داری ہے،جس کے لیے ضروری ہے کہ آپ چیک اَپ کے لیے انھیں ویٹرنری ڈاکٹر کے پاس باقاعدگی سے لے کر جائیں۔ اس طرح اس کو لاحق ہونے والی کسی بیماری کے خطرے سے آپ پہلے ہی آگاہ ہوجائیں گے اور وہ شدید بیماری سے بچ جائے گا۔

متوازن غذا

اگر آپ جانوروں کے شوقین ہیں تو ان جانوروں کی متوازن غذا کا بھی خیال رکھنا بے حد ضروری ہے۔ متوازن غذا سے مراد ایسی خوراک ہے جس میں تمام غذائی اجزا(یعنی لحمیات، کاربوہائیڈریٹ، چکنائی ،نمکیات اور حیاتین) اس مقدار میں موجود ہوں، جو جانور کی تمام ضروریات کوپورا کرکے ان کی نشوونما، پرورش، کارکردگی (دودھ یا کام) اور افزائش کی صلاحیت برقرار رکھ سکیں۔ جانوروں کی خوراک کے لیے وقت کا تعین کریں، ہروقت کھلانے کے بجائے وقت پر کھلائیں ۔ ویٹرنری ڈاکٹر سے مشورے کے بعد انھیں بازار میں دستیاب ڈائیٹ سپلیمنٹس بھی دیے جاسکتے ہیں۔

تازہ ترین