• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہت ہوچکا، نتائج پر سنجیدگی سے سوچنا ہوگا، سرفراز احمد

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بہت ہوچکا، اب ہمیں نتائج کے بارے میں سنجیدگی کے ساتھ سوچنا ہوگا۔

ابوظہبی میں نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں 123 رنز کی شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سرفراز احمد نے ٹیم کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہارنا کسی کو اچھا نہیں لگتا اور بطور کپتان میں بھی خوش نہیں ہوں،سمجھتا ہوں کہ اچھا کھیلنا اور پھر ہار جانا اس کی وضاحت مشکل ہوجاتی ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ پہلی اننگز میں زیادہ برتری لینی چاہیے تھی، ابتدائی 4 وکٹ صرف 12 رنز گر گئیں،نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز ہارنا افسوسناک ہے، ابو ظہبی میں کھیلے گئے دونوں ٹیسٹ میچز میں ہم جیتنے کے پوزیشن میں آکر ہار گئے،اسے اتنی آسانی سے مان لینا مشکل ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کہ سب اپنی ذمہ داری ادا کریں، اب یہ کہنا فضول ہوگا کہ لڑکے محنت نہیں کرتے یا کوچز بتاتے نہیں، ہمیں ٹیسٹ کرکٹ میں لمبی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی چاہیے،اوپنر کو نئی گیند کے ساتھ وکٹ پر ٹھہرنے کی عادت ڈالنی ہوگی۔

قومی ٹیم کے کپتان نے یہ بھی کہا کہ ہم یو اے ای میں نہیں جیت سکتے تو جنوبی افریقا میں کامیابی کے بارے میں سوچنا یقینا حیران کن ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ فی الحال ٹیسٹ کرکٹ کی قیادت چھوڑنے کے بارے میں کچھ نہیں سوچ رہا،حالات یہی رہے تو پھر سوچنا پڑے گا، خاص طور پر دورہ جنوبی افریقا اس معاملے میں اہم ہو سکتا ہے، وہاں ہمیں صرف مثبت سوچ کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز سخت ہوگی، اس کے لئے سخت محنت کرنا ہوگی،بولر اچھا پرفارم کررہے ہیں بیٹسمینوں کو بھی کارکردگی دکھانا پڑے گی،ہمیں دیکھنا ہوگا کہ جنوبی افریقا میں ہم اپنی بیٹنگ کیسے بہتر کر سکتے ہیں۔

تازہ ترین