• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’پارلیمنٹ میں قبرستان جیسی خاموشی نہیں ہونی چاہیے‘

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں قبرستان جیسی خاموشی نہیں ہونی چاہیے بلکہ مسائل پر بات ہونی چاہیے۔

برطانیہ کے دورے پر موجودوفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ میرا نقطہ نظر جارحانہ ہوتا ہے اس لئے اپوزیشن بھی روٹھی رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا آرڈیننس لانا چاہیے کہ 3 ماہ میں جو لوگ پیسے ثابت نہ کرسکیں وہ حکومت کی ہوجائیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ پاکستانیوں کو بیرون ملک جاکر نوکری نہ کرنی پڑے،دوہری شہریت رکھنے والوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا معاشی چارٹ بڑا واضح ہے، 120 برطانوی کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی ہیں، چاہتے ہیں مزید برطانوی کمپنیاں پاکستان میں کام کریں۔

اٹھارہویں ترمیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے ذریعے آئین میں 100 سے زائد ترامیم کی گئیں، اٹھارویں ترمیم میں کئی چیزیں اچھی اور کچھ بُری ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم متفقہ طور پر ہو سکتی ہے، جب تک پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ اکٹھی نہیں ہوتیں تو اس وقت تک آئین میں ترمیم نہیں ہو سکتی۔

سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعظم سواتی کے مستعفی ہونے سے متعلق سوال پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گائے کے معاملے پر وزیر نے استعفیٰ دیا، ایسا کلچر صرف پی ٹی آئی میں ہے۔

تازہ ترین