لندن (پی اے) ملک کی کچھ مصروف ترین ریل سروسز میں ٹرینز پر گارڈز کے دیرینہ تنازع پر ریل ورکرز نے کرسمس سے قبل ہفتے کو ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ریل میری ٹائم اینڈ ٹرانسپورٹ یونین (آر ایم ٹی) کے ارکان سائوتھ ویسٹرن ریلوے پر 22 دسمبر کو ہڑتال کریں گے۔ اس ہڑتال کی وجہ سے کرسمس کی تیاریوں میں مصروف شاپرز کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کمپنی کو سگنلز اور ٹرینز کے فیل ہونے سے حالیہ ہفتوں میں تاخیر کی سیریز کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ یہ کمپنی برطانیہ میں مصروف ترین سٹیشن لندن واٹر لو میں سروسز چلاتی ہے۔ آر ایم ٹی جنرل سیکرٹری مک کیش نے کہا کہ سائوتھ ویسٹرن ریلوے تنازع حل کرنے سے مسلسل انکاری ہے جو کہ سیفٹی سیکورٹی اور ایکسیس سے متعلق ہے۔ کمپنی لوپ ہولز اوپن کرتی دکھائی دے رہی ہے کہ صرف ڈرائیور اپنی صوابدید پر سروسز چلائیں۔ حالیہ اعداد و شمار میں پتہ چلا ہے کہ ریلویز میں تشدد میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی تکلیف دہ صورت حال ہے کہ سائوتھ ویسٹرن ریلوے گارڈز کو ٹرین سروسز سے نکال باہر کرنے کیلئے گرین لائٹ کی جانب دیکھ رہی ہے۔ سائوتھ ویسٹرن ریلوے یہ سمجھتی ہے کہ مسافروں کی سیکورٹی سیفٹی کے حوالے سے فاسٹ اینڈ لوز پلے قابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈبلیو آر مسافروں کو تحفظ فراہم کرے اور سفر کو ان کیلئے محفوظ بنائے اور ان کی جانوں کو خطرات میں نہ ڈالے۔ کمپنی کو چاہئے کہ وہ گارڈز کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کیلئے سنجیدگی سے مذاکرات کرے۔ اسی طرح کے تنازع میں ارائیوا ریل نارتھ پر آر ایم ٹی کے ارکان ہر ہفتے کو 24 گھنٹے باقی سال ہڑتال کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔