• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردیوں کے خشک موسم میں سب سے زیادہ ہماری جِلد متاثر ہوتی ہے۔ اس موسم میں چہرے اور ہاتھوں کے ساتھ ساتھ ایڑیوں اور پائوں کا بھی خیال رکھنا ضروری ہے۔ دراصل سردی کے آغاز سے ہی جِلد اپنی قدرتی نمی کھونے لگتی ہے اوراسے کھچائو اور جھریوں کے علاوہ سخت کھردرا ہونااور ایڑیوں کا پھٹ جاناجیسے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔ دراصل ہمارے جسم کی سب سے سخت جِلد ایڑیوں کی ہی ہوتی ہے اور جسم کے اس حصے میں نمی کی مقدار کم ہوتی ہے۔ ایسےمیں اگر لاپرواہی برتی جائے تو دن بدن جِلد کھنچنے لگتی ہے، جس سے کریکس یعنی دراڑیں پڑ جاتی ہیں۔اس کے علاوہ ننگے پائوں چلنے سے بھی پائوں کی نچلی جِلد روکھی اور خشک ہو جاتی ہے۔اس مسئلے کے حل کیلئے چند مشورے حاضر ہیں۔

موئسچرائزر نہ بھولیں

پھٹی ایڑیوں سے نجات پانے کے لیے بالائی بہترین موئسچرائزر ہے، جسے پھٹے ہونٹوں ،ایڑیوں ،ہاتھوںاور چہرے پر لگایا جاسکتا ہے۔اگر ایڑیاں کافی زیادہ پھٹی ہوئی ہیں تو ہفتے میں دو مرتبہ نیم گرم پانی میں دو چمچے سرکہ اور بغیر بالائی والا دودھ ملائیں اور اس پانی میں 15 منٹ کے لئے پائوں ڈبو کر رکھیں، اس کے بعد کسی پتھر یا فُٹ فائلر سے ایڑیوں کو آہستہ آہستہ رگڑنے کے بعد تولیے سے خشک کر لیں۔ پھر ایڑیوں پر پیٹرولیم جیلی اچھے طریقے سے لگائیں، حتیٰ کہ یہ دراڑوں کے اندر چلی جائے اور اس کے بعد جرابیں پہن لیں ۔کوشش کریں کہ یہ عمل روزانہ رات کو سونے سے پہلے دہرائیں۔

ہلدی کا لیپ

آدھے کپ کچے دود ھ کو کسی برتن میں ڈال کر اس میں ایک چمچ ہلدی شامل کر کے ملالیں۔ اس آمیزے سے پیروں اور ایڑیوں پر 20منٹ تک مساج کریں، پھر انہیں ٹھنڈے پانی سے دھولیں ۔اس پر کچھ دن روزانہ عمل کرنے سے آپ کے پیروں کی رنگت نکھر نے لگے گی اور ایڑیوں کے پھٹنے جیسے مسائل بھی حل ہوجائیں گے۔

لیموں، بادام اور گلیسرین

آدھا کپ دو د ھ کو کسی برتن میں ڈال کر اس میںایک چوتھائی بریڈ کو انگلیوں کی مدد سے مسل کر اس میں شامل کریں۔ اب اس میںد وکھانے کےچمچ گلیسرین ، دوکھانے کےچمچ بادام کا تیل اورایک چائے کا چمچ لیموں کا رس ڈال کر انہیں بھی اچھی طرح یکجان کرلیں۔ اس پیسٹ کو پیروں اور ایڑیوں پرلگا کر15منٹ تک مساج کریں اور پھر انہیں دھولیں۔ اس آمیزے کو استعمال کرنے سے آپ کی پھٹی ہوئی ایڑیاں صحیح ہوجائیں گی او ر پیروں کی جِلد بھی نکھر جائے گی ۔

شہد اور پانی

یہ دونوں چیزیں ہر گھر میںموجود ہوتی ہیں، گرم پانی میں شہد مکس کریں اور اپنے پیروں کو اس میں ڈبو دیں، پھر نرمی سے متاثرہ جِلد کو رگڑیں۔ شہد جِلد کی قدرتی نمی بحال کرنے کا کام کرتا ہے۔

پیروں کی صفائی

جب پیروں کی جِلد خشک ہوتی ہے تو یہ ضروری ہے کہ انگلیوں کے درمیانی حصے کو صاف کرکے مٹی اور گیلے پن سے دور کریں، وہاں موجود سیلن مختلف قسم کے انفیکشن کا باعث بنتی ہے۔

ہلدی اور تیل کا مساج

ہلدی میں تیل ملا کر متاثرہ جِلد پر مساج کرنا بھی پھٹی ہوئی ایڑیوں میں نمی بحال کرتا ہے، جبکہ یہ سوجن یا درد میں کمی بھی لاتا ہے۔ اس کے مساج کو معمول بنالینا پیروں میں خون کی گردش بڑھا کر جِلد کو مسائل سے دور رکھتا ہے۔

مزید مشورے

٭ایک چوتھائی چمچ سفید سرکے کو نیم گرم پانی میں مکس کرکے اس میں پاؤں ڈبوئیں اور اس یہ عمل ہفتے میں تین مرتبہ کریں۔

٭زیتون کے تیل میں سفید سرکے یا لیموں کے چند قطرے ملا کر اس سے ایڑیوں کا مساج کریں اور رات بھر اونی جرابیں پہنے رکھیں، پھر صبح ایڑیاں دھولیں۔

٭کیلے کے چھلکے کو 10منٹ کیلئے ایڑیوں پر ملیںہے۔

٭پھٹی ایڑیوں کیلئے ایک چمچ پیٹرولیم جیلی میں ایک چمچہ لیموں کا رس مکس کرکے لگانا بھی بہت مفید ہے۔

٭پیرا فین ویکس میں سرسوں کا تیل اچھی طرح ملا کر ایڑیوں پر مساج کریں اور رات بھر لگائے رکھنے کے بعد صبح دھولیں، یہ عمل 10 سے 15 دن تک جاری رکھیں۔

٭ایڑیوں کو نم رکھنے کیلئے زیتون کے تیل میں لیموں کا رس یا لیوینڈر کے تیل کے چند قطرے شامل کریں اور اسے وقتاً فوقتاً لگاتے رہیں۔

٭مٹھی بھر گل یاس (Lilac) کے پتوں کو پیس کر اس میں تین چمچ ہلدی ملالیں۔ اس آمیزے کو آدھے گھنٹے تک ایڑیوں پر لگائے رکھنے کے بعد دھولیں۔

٭اسکے علاوہ نیم گرم پانی میں نمک اور بالائی ملا کر آدھا گھنٹہ پائوں ڈبو کر رکھنے سے ایڑیاں نرم اور صاف ہو جاتی ہیں۔

تازہ ترین