• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مائیکل جیکسن کا مبینہ بیٹا پاکستان کیوں آرہا ہے؟

عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارمائیکل جیکسن کے مبینہ بیٹے کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے اور یہاں کنسرٹ میں پرفارم کریں گے۔

مائیکل جیکسن کے مبینہ بیٹے’ برانڈن ہاورڈ‘ نے دنیا بھر میں کامیاب کنسرٹ کرنے کے بعد حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ جلد پاکستان آنے کی خوشخبری سنائیں گے۔

مائیکل جیکسن کی شبہیہ اور مبینہ بیٹے کی پاکستان آمد پر اب پاکستانی مداح بھی مائیکل جیکسن کے پَرتو کو لائیو پرفارمنس کرتے دیکھ سکیں گے۔

برانڈن ہاورڈ گلوکار ہونے کے ساتھ ساتھ ریکارڈ ساز پروڈیوسر بھی ہیں جو اپنے گانے خود لکھتے ہیں۔ ان کا البم ’ان مائی ورڈز‘ نے بھرپور کامیابی سمیٹی اور 2006میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔ 2007 میں ’فیس آف‘ نے مداحوں کو اپنا دیوانہ بنا دیا اور ہاورڈ کے نغمے ’ڈونٹ سے یو لو می‘ نے 2016ء میں تہلکہ مچا دیا تھا۔

ڈیلی میل کے مطابق ہاورڈ کی والدہ مکی ہاورڈ ایک معروف گلوکارہ تھیں اور نوجوانی میں مائیکل جیکسن کے عشق میں مبتلا تھیں۔ مائیکل جیکسن کے شہرہ آفاق نغمے ’بیلی جینز‘ کوان کی مکی سے محبت کا اظہار کہا جاتا ہےاور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ برانڈن ہاورڈ ان دونوں کےبیٹے ہیں۔

تاہم مکی ہاورڈ نے اپنے ایک انٹرویو میں ہاورڈ کے مائیکل جیکسن کے بیٹے ہونے کی خبروں کو افواہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔

کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن 2009 میں اپنے مداحوں کو افسردہ چھوڑ گئے تھےلیکن اُن کے نغمے اور دھنیں اب بھی لہو گرماتی ہیں اور پوپ موسیقی کے دلدادہ افراد کو اپنے سحر میں مبتلا کر دیتی ہیں۔

تازہ ترین