• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’کبھی غریب کبھی امیر، یہی ایک اسٹار کی زندگی ہے‘

سال 2018 کی امیرترین بھارتی اسٹارز کی فہرست میں ٹاپ 10 میں شامل نہ ہونے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ کبھی غریب ترین کبھی امیر ترین اور کبھی عزیز ترین ہوجانا، یہی ایک اسٹار کی زندگی ہے۔


بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل امریکی جریدے فوربز کی جانب سے اس سال کے 100 امیر ترین بھارتی اسٹارز کی فہرست جاری کی گئی تھی جس میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ اس بار ٹاپ 10میں سے کسی بھی نمبر پر نہیں ہیں، اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں تین چار روز قبل اس بات کا علم ہوا کہ وہ بھارت کے امیر ترین اسٹارز کی فہرست میں کافی دور چلے گئے ہیں۔

شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ وہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے مطابق اس سال کےسب سے پسندیدہ اور عزیز ترین سپر اسٹار قرار پائے ہیں جبکہ امریکی جریدے فوربزکے مطابق ان کا شمار اب بھارت کے غریب اسٹار ز میں ہوتا ہے۔

بالی ووڈ کنگ نے مزید کہا کہ اُنہیں امید ہےکہ ان کی رواں سال دسمبر میں ریلیز ہونے والی نئی فلم ’زیرو‘ انہیں ایک مرتبہ پھر سے بھارت کے امیر ترین اسٹارز کی فہرست میں قریب لے آئے گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ کبھی غریب ترین کبھی امیر ترین اور کبھی عزیز ترین ہوجانا، یہی ایک اسٹار کی زندگی ہے۔

واضح رہے شاہ رخ خان گزشتہ سال فوربز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر تھے، لیکن یکم اکتوبر 2017 سے لے کر 30 ستمبر 2018 تک ان کی کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی جس کی وجہ سے شاہ رخ خان رواں سال 56 کروڑ کمائی کے ساتھ اس فہرست میں 13 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

شاہ رخ خان کی رواں سال کی آمدنی میں 33 فیصد کمی ہوئی ہے۔

تازہ ترین