• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھرکول منصوبے کے متاثرین کیلئے 95 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تھر بلاک (ٹو) کے 12 سو متاثرہ خاندانوں کیلئے مجموعی طور پر95 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دیدی۔ متاثرین کو ماہانہ 10 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائیگا۔ اس بات کا فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ضلع تھرپارکر میں پانی اور بحالی سینٹر اسکیم سے متعلق بریفنگ دی گئی جس میں وزیر توانائی امیتاز شیخ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیداران موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متاثرین کو ماہانہ 10 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائےگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تھرکول بلاک ٹو میں ترقیاتی منصوبے کی وجہ سے 12 سو خاندان نقل مکانی پر مجبور ہوئے اس لیے ہم نے فیصلہ کیا کہ متاثرین کو ٹاؤن شپ میں گھر تعمیر کرکے دیئے جائینگے۔ انہوں نے بتایا کہ گھر کے علاوہ 10 ہزار روپے ماہانہ وظفیہ بھی ادا کیا جائیگا۔ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندان کے ہر 2افراد کو سرکاری نوکری بھی دی جائیگی۔ اس ضمن میں وزیراعلیٰ سندھ نے تھر فاؤنڈیشن کو ہدایت بھی جاری کردی۔ وزیرتوانائی امیتاز شیخ نے سید مراد علی شاہ کو بتایا کہ متاثرین کیلئے 60 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ دیگر پر کام جاری ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما نے کہا کہ تھرکول منصوبے کی مد میں اندازاً 2 ارب 50 کروڑ روپے کی رائلٹی مقامی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کی جائیگی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھر بلاک کے دیگر متاثرین پر مذکورہ فیصلہ لاگو ہوتا ہے اور انہیں بھی مراعات ملیں گی۔ واضح رہے کہ تھر کول تقریباً 9 ہزار اسکوائر کلومیٹر پر مشتمل ہے جس میں 12 بلاکس ہیں۔
تازہ ترین