• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیازی صاحب نیب کے پیچھے چھپتے ہیں، حمزہ شہباز

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نیازی صاحب نیب کے پیچھے چھپتے ہیں، شہباز شریف کو گرفتارہوئے دو ماہ ہوگئے،نواز شریف کے خلاف کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔

پی پی 168 کے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستانی عوام کے ووٹوں پر ڈاکا ڈالا گیا،100دنوں میں صرف غریبوں پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا گیا، خان صاحب ایسا نیا پاکستان آپ کو ہی مبارک ہو۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے کسی کو روزگار نہیں دیا بلکہ لوگوں سے روزگار چھینا ہے،بنی گالا کی باری آتی ہے تو غریبوں کی جھونپڑیاں گرانے والوں کو سانپ سونگھ جاتا ہے۔

ن لیگی رہنمائوں نے کہا کہ لاہور کی میٹرو بس کو جنگلا بس کہنے والے نے پشاور میں میٹرو تو نہیں بنائی، لیکن شہر کو کھنڈر بنا دیا۔

حمزہ شہباز نے اس یقین کا اظہار کیا کہ 13 دسمبر کو اللہ تعالیٰ ایک بار پھر شیر کو کامیاب کرے گا،کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے دن رات محنت کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیازی صاحب لاہور کے حلقے سے ووٹ چوری کرکے جیتے تھے، ڈیڑھ ماہ بعد اسے حلقے سے وہ 10 ہزار کی لیڈ سے ہار جاتے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ نیازی صاحب اللہ کی ذات عزت دیتی ہے،کبھی کبھی اللہ کرسی پر بٹھا کر بھی اللہ بے نقاب کرتاہے۔

حمزہ شہباز شریف نے مزید کہا کہ ایک شخص کنٹینر پر چڑھ کہتا تھا مجھے قرض لینا پڑا تو خودکشی کرلوں گا، اسی کے دور میں ڈالر اوپر چلا گیا،بجلی اور گیس مہنگی ہوگئی۔

تازہ ترین