• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خلیج تعاون کونسل کا رکن ممالک کے درمیان اتحاد برقرار رکھنے پر اتفاق

ریاض(مانیٹرنگ سیل/شاہد نعیم) خلیج تعاون کونسل کے 39 ویں سربراہ اجلاس میں کونسل کی مضبوطی اور رکن ملکوں کے درمیان اتحاد برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔اجلاس کے اختتام پر جاری اعلامیے کے مطابق اتفاق کیا گیا ہے کہ جی سی سی مشترکہ مفادات مارکیٹ کی تکمیل میں حائل تمام رکاو ٹیں دورکی جائیں گی۔خادم الحرمین الشریفین شاہ سلما ن بن عبدالعزیز نے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کا ملک جی سی سی کی وحدت کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے، ایران نے دہشتگردی پر عمل جاری رکھا ہوا ہے اور اس نے خطے کے استحکام کو خطرے سے دوچار کردیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے مسائل میں تحریکِ فلسطین کو اولیت حا صل ہے۔ سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خلیج تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والے متحدہ عرب امارات ، کویت ، بحرین اورعمان کے وفود کا خیرمقدم کیا اور ان کے سربراہوں سے ملاقات کی۔امیرِ کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے بھی اجلاس سے خطاب کیا اور کہا کہ خلیجی ممالک کے درمیان اختلافات کے خاتمے کیلئے میڈیا کی تمام مہموں کو بند کرنے کی ضرورت ہے۔شاہ سلما ن سے ریاض کے شاہی محل میں حاکم دبئی الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم ، سلطنت آف عمان کے وفد کے سربراہ فہد آل سعید اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔خلیج تعاون کونسل کے 39 ویں سالانہ اجلاس میں تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون ، یمن میں جاری جنگ، ایران کی علاقائی سرگرمیوں اور سکیورٹی سے متعلق مختلف امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی تازہ پیش رفت پر غور بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھا۔

تازہ ترین