• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرمایہ کاری کو تحفظ دینگے،کاروبار کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہوگی،ٹیکس ایمنسٹی لینے والوں کو ہراساں نہیں کیا جائیگا،وزیر اعظم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ایک مختلف سوچ لے کر آئی ہے‘ بزنس اور سرمایہ کاری کوتحفظ دیں گے‘درآمدات اور برآمدات میں فرق کو کم کرنے پر بھر پور توجہ ہے‘ کاروبارکی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی ‘ایمنسٹی اسکیم سے استفادہ کرنے والوں کو نوٹس دیکر اب بلا یا یا ہراساں نہیں کیا جائے گا‘کرپشن کا مکمل خاتمہ کرکے رہیں گے‘بہت جلد اس مشکل وقت سے نکل آئیں گے دائمی امن ہی کراچی کو ترقی کی منازل پر لے جاسکتاہے ‘ صحت ، تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں بھی وفاق سندھ حکومت کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا ‘تجاوزات آپریشن میں کسی سے زیادتی نہیں ہوگی ‘متاثرین کا ازالہ کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےاتوار کو گورنر ہاؤس کراچی میں تاجروں‘سرمایہ کاروں‘ صنعت کاروں ‘گورنراوروزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کے دوران کیا‘ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین سلیمان مہدی کی سربراہی میں عقیل کریم ڈھیڈی ‘عارف حبیب ودیگر پر مشتمل وفد نے وزیر اعظم کو اسٹاک بروکرز اورمارکیٹ کے حوالے سے دیگر امور پر آگاہ کیا اور مالیاتی استحکام کے لے تجاویز پیش کیں جن میں سے بیشتر تجاویز منظور کر لی گئیں‘وفد کی طرف سےحکومت کی مالیاتی پالیسی پر مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی گئی‘ ٹیکس بیس کو بڑھانے، اسٹاک مارکیٹس میں IT کے استعمال، غیر قانونی ادائیگیوں کی روک تھام پربھی اتفاق کیا گیا‘کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفدنے سراج قاسم تیلی کی سربراہی میں عمران خان سے ملاقات کی‘وزیر اعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے پہلے بھی آپ کے پاس آیا تھا اور اب پھر آپ کو دعوت دی ہے کہ آپ ہمیں مزید تجاویز دیں‘ حکومت صنعتوں کے فروغ سے بیروزگاری کا خاتمہ کرے گی‘آپ کی تجویز پر ایف بی آر کے ریونیو اور پالیسی ونگز کو الگ کر دیا گیا تاکہ منصوبہ بندی اور عمل درامد موثر طور پر ہو سکے‘ کراچی کی صنعتوں کو گیس کی فراہمی، بجلی چوری کی روک تھام،برآمدات میں اضافہ اورایس ایم ایزپر بھی گفتگو کی گئی‘صدر کراچی چیمبر جنید اسماعیل ماکڈہ نے ملاقات کے بعد صحافیوں کوبتایا کہ وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پچاس سال پرانی لیز والوں کے لئے پٹیشن دائر کی جائے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہاہے کہ امن کا دائمی قیام ہی کراچی کو ترقی کی منازل پرلے جاسکتا ہے، انٹیلی جنس اداروں کے مابین معلومات کے تبادلے کے نظام کومضبوط بنایا جائے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے مابین ملاقات میں کے فورپروجیکٹ کے لیے اسلام آباد میں اجلاس طلب کرنے پربھی اتفاق ہوگیا ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں بم دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردوں کو ہر صورت بے نقاب کیا جائے گا‘ کراچی کو امن کی طرف واپس لا کر جانا ہے اور کراچی کی روشنیوںکو بحال کرنا ہے۔ اتوار کو وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ون آن ون ملاقات کی۔اس موقع پر گورنر سندھ نے کراچی میں انسداد تجاوزات آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی اور وزیراعظم کو تاجروں کے مسائل‘ عوام کے تحفظات اور گلستان جوہر دھماکے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اوور سیز چیمبر کے وفد سے ملاقات کی اور ان کو بتایا کہ کاروبار کرنے کی سہولت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔حکومت کے دروازے نجی شعبے کیلئے کھلے ہیں۔ملاقات کرنےوالوں میں عرفان وہاب ، شازیہ سید ،غیاث الدین، ہلمٹ وون،شہزاد دادا،عابد زیدی، غضنفر علی اور دیگر شامل تھے۔

تازہ ترین