• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’دنیا میں سیکیورٹی کے نام پر سڑکیں بند نہیں ہوتیں‘

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کوئٹہ کی زرغون روڈ کو ریڈ زون کے نام پر بند کیے جانے سے متعلق درخواست پر ریمارکس دیئے کہ دنیا بھر میں سیکیورٹی کے نام پر سڑکیں بند نہیں ہوتی۔

سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیسز کی سماعت کر رہا ہے۔

عدالت میں سینئر وکیل سپریم کورٹ سید نذیرآغا کی جانب سے چیف جسٹس کو درخواست کی گئی کہ آپ نے ملک بھر میں سڑکیں کھلوائی ہیں، کوئٹہ شہر میں زرغون روڈ کو ریڈ زون کے نام پر بند کیاگیاہے، جس سے شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

چیف جسٹس نے درخواست پر ریمارکس دیئے کہ دنیا بھر میں سیکیورٹی کے نام پر سڑکیں بند نہیں ہوتی، اس موقع پر انہوں نے چیف سیکریٹری کو طلب کر لیا۔

ڈومیسائل کی منسوخی سے متعلق ایک وکیل مجیب ہاشمی اور دیگر کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر آئینی درخواست کی سماعت کے موقع پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نےاستفسار کیا کہ کیا چاروں صوبوں کے ایڈوکیٹ جنرل موجود ہیں؟

اس پر ایڈوکیٹ جنرل روف عطاء نے کہا کہ بلوچستان سے ہیں، باقی تینوں صوبوں سے نہیں آئے، اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یہ صرف بلوچستان کا مسئلہ نہیں،ہمیں ملک بھر کے قوانین دیکھنا ہوں گے،بہتر ہے اس معاملے کو اسلام آباد میں دیکھیں تاکہ سب وہاں موجود ہوں۔

اس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل عبداللہ خان نےکہا کہ میں آپ کو لوکل سرٹیفکیٹ پر کچھ بتانا چاہتا ہوں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اس کیس کی آئندہ سماعت اسلام آباد میں ہوگی۔

تازہ ترین