ملک بھر میں موسم تبدیل ہوگیا، کہیں روئی کے گالوں جیسی گرتی برف،کہیں بوندوں کی جل ترنگ،کہیں ٹھنڈی ہوائیںتو کہیں کالی گھٹائیں۔
کالام میں اب تک 6 انچ سے زیادہ برف پڑچکی،سیاحتی مقامات شوگران اور ناران سمیت بالائی علاقوں میں بھی برفباری،گلگت بلتستان کے ضلع استور اورہنزہ ،آزادکشمیر میں بالائی وادی نیلم،اٹھ مقام سمیت کئی علاقوں میں برف ہی برف جبکہ سندھ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے، لاہور اور اسلام آباد میں بارش کے بعد دلکش مناظر دیکھنے میں آئے۔
مری میں برفباری کے بعد سڑکوں پر پھسلن سیاحوں اور خوبصورت نظاروں کے درمیان حائل ہوگئی ، ڈرائیوروں کو گاڑی چلانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،بیشتر سیاح راستے سے ہی لوٹ گئے۔
ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے روڈ پر گاڑی کھڑی کرکے سیلفیاں نہ بنانے کی اپیل کی ہے جبکہ پیٹرول کا ٹینک فل رکھنے اور غلط پارکنگ نہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
موسم سرماء کی پہلی برفباری کے ساتھ ہی ملکہ کوہسار کا حسن بھی نکھر گیا، برف سے ڈھکے درختوں اور پہاڑوں پر گرتی برف نے ہرمنظرکو اور بھی دلفریب بنادیا ہے۔ حسین نظاروں کا لطف اٹھانے کیلئے سیاحوں نے مری کا رخ تو کیا لیکن سڑکوں پر برف اور پھسلن کے باعث بیشتر سیاح راستے سے ہی لوٹ گئے۔
نتھیا گلی میں بھی شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، سڑکیں اور گھر کی چھتیں برف سے ڈھک گئی ہیں،اپر دیر میں گاڑیاں برف میں پھنس گئی ہیں ، ناران، شوگران میں بھی برف باری کا آغاز ہوگیا ہے۔