• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کیساتھ کاروبار، یورپی یونین کا نیا مالیاتی نظام تشکیل کے قریب

کراچی (نیوز ڈیسک) یورپی یونین کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اعلان کیا ہے کہ امریکی پابندیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایران کے ساتھ کاروبار کیلئے یورپی یونین ادائیگیوں کے ایک نئے نظام پر کام کر رہا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، یورپی یونین کے سینئر سفارت کار اور خارجہ پالیسی کے سربراہ فیڈریکا موغیرنی کا کہنا تھا کہ آئندہ چند ہفتوں میں لیکن نئے سال کے آغاز سے قبل ہی یہ نظام تشکیل پا جائے گا جس کے نتیجے میں قانونی اور جائز کاروبار کو فروغ ملے گا اور اسے تحفظ دیا جا سکے گا۔ 28؍ ممالک کے اتحاد سمجھے جانے والے گروپ، یورپی یونین، نے اس بات پر غور کئی مہینوں پہلے شروع کر دیا تھا کہ امریکی معاشی پابندیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے کس طرح ایران کے ساتھ کاروبار کیا جائے۔ واضح رہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے سے امریکا دستبردار ہو گیا تھا اور دوبارہ معاشی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ نومبر میں یورپی یونین کے حکام نے ایک کلیئرنگ ہائوس یا اسپیشل پرپز وہیکل (ایس پی وی) تشکیل دینے کی تجویز پیش کی تھی جس کے تحت ایران کے ساتھ لین دین آسان ہو جائے گا۔ یہ تجویز اسلئے ناکام ہوگئی کیونکہ اتحاد کے کسی بھی رکن ملک نے نئے میکنزم کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کر دیا اور اس کی وجہ یہ تھی کہ انہیں ڈر تھا کہ کہیں امریکا ان کیخلاف نہ جوابی اقدام کر دے۔
تازہ ترین