• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متعدد علاقوں میں تجاوزات برقرار، بلاامتیاز کارروائی کے دعوے سچ ثابت نہ ہوئے

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی میں تجاوزات کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کے دعوے سچ ثابت نہ ہوسکے، بیشتر علاقوں میں آج بھی تجاوزات برقرار اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے جبکہ اس کے برعکس بعض علاقوں میں خانہ پری کیلئے ایک روز کارروائی کی جاتی ہے تو دوسرے روز وہی تجاوزات پھر سے سجا لی جاتی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں دکانوں کے باہر لگے شٹر، شیڈ اور نالیوں کے تھڑے توڑنے سے نہ تو ٹریفک کا نظام بہتر ہوا اور نہ ہی عوام کو خاطر خواہ ریلیف مل سکا۔ دوسری طرف مری روڈ سمیت شہر کی کئی مصروف ترین سڑکوں پر سیکڑوں رہائشی وکمرشل بلانقشہ وخلاف نقشہ تعمیرات بوجوہ انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل ہیں۔کارپوریشن کے عملے کی ملی بھگت سے مری روڈ پر بینظیر بھٹو ہسپتال کے سامنے بغیر کسی نقشے اور سیٹ بیک چھوڑے الیکٹرانکس ایک بڑی دکان لاقانونیت اور ملی بھگت کی ایک مثال ہے اس علاقے میں سیٹ بیک چھوڑ کر پلازے تعمیر کرنیوالے دکانداروں کا سوال ہے کہ انہوں نے تو قانون کے مطابق تعمیرات کیں مگر قانون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف کیا کارروائی کی گئی۔ اسی طرح مک مکا کے بعد مری روڈ پر اینٹوں اور گارڈر ٹی آئرن سے پلازے تعمیر ہوگئے مگر بار بار نشاندھی کے باوجود کوئی کارروائی کرنے کو تیار نہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ کے دور حکومت میں تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات پر آواز اٹھانے اور اسی بات کو جواز بناکر الیکشن جیتنے والے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی تماشائی کیوں بنے ہوئے ہیں۔ دوسری طرف اس حوالے سے کارپوریشن ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف چہرے تبدیل ہوئے جو کام مسلم لیگی کرتے تھے آج وہی کام پی ٹی آئی والے کر رہے ہیں۔
تازہ ترین