• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گن پوائنٹ پر لوٹنے کے بعد 4 واقعات، چوری کی 10 وارداتیں، زیورات، نقدی غائب

راولپنڈی، اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) مختلف علاقوں میں ڈکیتی ،چوری اورنقب زنی کی وارداتوں میں شہری 4گاڑیوں،3موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات اورنقدی وغیرہ سے محروم ہوگئے ۔تھانہ پیرودھائی کو خواجہ اقبال نے بتایا کہ اسلام پورہ میں جنرل سٹور پر ملازمین کے ہمراہ موجود تھا کہ 4مسلح افراد اسلحہ کی نوک پر ہم سے 60 ہزار روپے اور 3 موبائل چھین کر فرار ہوگئے ۔ تھانہ نصیرآبادکو عبدالصمد نے بتایاکہ میں موٹرسائیکل پر جارہاتھاکہ 3مسلح موٹر سائیکل سوارمجھ سے موٹرسائیکل نمبرآرآئی او -503اور 8ہزار روپے چھین کر فرارہوگئے۔تھانہ ائرپورٹ کو رضوان وقار ستی نے بتایا کہ میری زوجہ نے گھر میں کمرہ کیساتھ منسلک سٹور میں اپنے طلائی زیورات وزنی 50تولے رکھے ہوئے تھے جو کسی نے چوری کرلئے۔ تھانہ صدربیرونی کو ظفر محمود نے بتایا کہ ہماری غیر موجودگی میں چور مکان کے کنڈے کاٹ کر ایک لاکھ چالیس ہزار روپے ، دو طلائی انگوٹھیاں ، دو بالیاں ، چین اور 400درہم اورگھر کے ساتھ بیٹھک میں مقیم شفیق کے17ہزارروپے چوری کرکے لے گئے۔دریں اثناءتھانہ ترنول کے علاقے سرائے خربوزہ میں تین مسلح موٹرسائیکل سوارعادل نیاز سے موبائل اورہزاروں روپے چھین کر چلتے بنے۔تھانہ انڈسٹریل ایریا کے علاقے آئی ایٹ مرکز میں محمد فرحان اورمحمد یٰسین نے لین دین کے تنازعہ پر واجد منیر سےکار چھین لی اور دھمکیاں دیں۔ تھانہ لوئی بھیر کے علاقے ہائی وے پر نامعلوم افراد نے فورٹرس شادی ہال میں عبدالخالق کی بیوی کا پرس چوری کر لیا جس میں ساڑھے چھ لاکھ روپے، سونے کاہار اوراے ٹی ایم کارڈ تھا ۔ تھانہ انڈسٹریل ایریا کے علاقے ایچ نائن میں محمد اسلم کی جیب کٹ گئی ۔ تھانہ کوہسار کے علاقے ایف سیون مرکز میں چور جمشید فیروز کی شاپ سے بیگ چوری کرکے لے گئے جس میں لاکھوں کی نقدی اورموبائل تھا۔شالیمار پولیس نے نصیر احمد کی رپورٹ پر جنید کے خلاف 30 لاکھ روپے مالیت چیک ڈس آنر کا مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا ۔ کوہسار پولیس نے ایف سیون مرکز کی دکانوں پرجعلی کاسمیٹکس فروخت کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ۔ ترنول پولیس نے ڈیڑھ لاکھ روپے کی مسروقہ گائے اور بچھڑی برآمد کرکے دو افراد واصل خان اور اسماعیل خان کو گرفتار کرلیا ۔
تازہ ترین