• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

خواتین کو صحت مند سرگرمیاں فراہم کرنے کیلئے فٹ بال مقابلوں کا انعقاد

دنیا بھر میں خواتین فٹ بال کیلئے بھرپور کام ہورہا ہے اور اس میں کم عمر بچیوں کو ٹریننگ دے کر قومی فٹ بال ٹیم کا حصہ بنایا جاتا ہے۔ کراچی میں بھی ان سرگرمیوں کا آغاز گزشتہ دو سال سے تواتر کے ساتھ کیا جارہا ہے جس میں لیاری، کورنگی، شیریں جناح کالونی اور بلدیہ ٹائون کی لڑکیاں شامل ہیں۔ کراچی میں خواتین کو صحت مند سرگرمیاں فراہم کرنے کیلئے نوعمر بچیوں کیلئے گول اسٹینڈر چارٹرڈ فٹ بال سرگرمیوں کا 2016ء سے آغاز کیا گیا اور اس وقت سے اب تک اس پروگرام میں ڈھائی ہزار سے زائد کھلاڑی اس سے فائدہ اٹھا چکی ہیں۔کراچی یونائیٹڈ یوتھ فٹ بال لیگ اور اسٹینڈر چارٹرڈ بینک کے زیراہتمام کراچی یونائیٹڈ فٹ بال اسٹیڈیم میں لیگ کا شاندار انعقاد جاری ہے جس میں اب تک 74 میچز کا انعقاد ہوچکا ہے اس ایونٹ میں کراچی کی انڈر 10 سے انڈر 14 کیٹگریز میؒں 80 سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں۔ دونوں اداروں کی معاونت سے ہونے والے ایونٹ کا یہ دوسرا سال ہے۔ ایونٹ میں حصہ لینے والے اسکولوں میں الی قدیر اسکول، کراچی آغا خان، ایم ایل او اسکول، کرن فائونڈیشن، اسمارٹ کیمپس، جی آئی اے بی اسکول اورنگی اسکول شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے رائونڈ میچز مکمل ہوچکے ہیں اور اب سیمی فائنل مرحلہ 15 دسمبر سے شروع ہوگا۔ ایس سی کے ہیڈ ایکسٹرنل فرحان احمد کا کہنا ہے کہ ملک خصوصاً کراچی کے حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم نے کراچی یونائیٹڈ کے ہیڈ طحہ علی زئی کے ہمراہ کراچی کی بچیوں کو مصروف رکھنے اور انہیں ملکی و انٹرنیشنل فٹ بال میں شامل کرنے کیلئے ایک پروگرام ترتیب دیا ہے جس میں کھیل کے ساتھ ساتھ لائف اسلکز ٹریننگ کے ذریعے گول کا مقصد نوعمر لڑکیوں کو بااختیار بنانا اور معلومات اور اسکلز پیدا کرنا ہے۔ ایس سی کی ایسو سی ایٹ ڈائریکٹر اور پروگرام کی نگراں تسنیم مرزا کا کہنا تھا کہ خواتین کو پروموٹ کرنا ہمارا اولین مقصد ہے۔ فٹ بال کے مقابلے گول پروگرام کا حصہ ہے جس میں خواتین فٹ بال کی بنیاد پر کام کرتے ہوئے کم عمر بچیوں کو اس میں شامل کیا تاکہ وہ آگے چل کر قومی ٹیم کا حصہ بنیں اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کریں۔

تازہ ترین
تازہ ترین