• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان پر نیا امریکی دبائو، مذہبی پابندیوں کی بلیک لسٹ میں ڈال دیا

واشنگٹن (اے ایف پی،جنگ نیوز، مہتاب حیدر)امریکا نے مذہبی آزادی کی مبینہ خلاف ورزیوں اور اقلیتوں سے نامناسب رویے پر پاکستان پر دباؤ بڑھاتے ہوئے اسے ʼبلیک لسٹ ممالک کی فہرست میں شامل کر دیا،واشنگٹن نے ایک سال قبل خبردار کرتے ہوئے پاکستان کو خصوصی ʼواچ لسٹ میں شامل کیا تھا،امریکا اب پاکستان پر اصلاحات کیلئے دباؤ ڈال سکے گا، چین، ایران، سعودی عرب، ایری ٹیریا، میانمار، شمالی کوریا، سوڈان، تاجکستان اور ترکمانستان بھی مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہیں، دی نیوز سے گفتگو میں پاکستانی وزیر خزانہ نے کہا ہےکہ اس امریکی اقدام کا کوئی جواز نہیں بنتا، وہ فی الوقت اس امریکی فیصلے سے واقف نہیں اور نہ ہی یہ بتاسکتے ہیں کہ اس فیصلے سے معیشت پر کیا اثر پڑیگا تاہم انہوں نے کہا کہ بھارت میں مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ،اس لیے بھارت کو لازمی اس امریکی فہرست میں شامل کیا جانا چاہیے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ ʼکانگریس کی مرتب کردہ سالانہ رپورٹ میں پاکستان کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جن کے حوالے سے خصوصی تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ امریکا کی جانب سے بلیک لسٹ کیے جانے کے بعد اب واشنگٹن، مذہبی آزادی کے حوالے سے خلاف ورزیوں پر پاکستان پر اصلاحات کے لیے دباؤ ڈال سکے گا۔ امریکا نے ایک سال قبل اس اقدام کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے پاکستان کو خصوصی ʼواچ لسٹ میں شامل کیا تھا تاکہ پاکستان مذہبی آزادی کے معاملے پر اصلاحات کرتے ہوئے اقلیتوں کو مزید تحفظ فراہم کرے۔امریکا کی بلیک لسٹ میں شامل دیگر ملکوں میں چین، ایران، سعودی عرب، ایری ٹیریا، میانمار، شمالی کوریا، سوڈان، تاجکستان اور ترکمانستان ہیں،ان ممالک پر الزام ہے کہ یہ باقاعدہ منظم طریقے سے مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ازبکستان کو بھی اس فہرست کا حصہ بنایا گیا تھا لیکن حالات کی بہتری اور اصلاحات کے بعد اسے بلیک لسٹ سے نکال دیا گیا ہے تاہم وہ اب بھی واچ لسٹ میں شامل ہے اور اس فہرست میں روس اور کوموروس بھی موجود ہیں۔

تازہ ترین