• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس کی قلت،سندھ میں صنعتوں اور سی این جی اسٹیشنز کو فراہمی بند

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی ) نےگھریلو اور کمرشل صارفین کی طلب پوری کرنے کے لئے سندھ بھر میںسی این جی سیکٹر کو گیس کی ترسیل غیر معینہ مدت تک منقطع رکھنے کا اعلان کیا ہے ‘گیس کی قلت کے باعث بجلی بحران کا بھی خدشہ پیدا ہوگیاہے‘سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشن سی این جی کی بندش کیخلاف آج ایس ایس جی سی ہیڈ آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے‘تفصیلات کے مطابق کراچی میں کئی دن سے جاری گیس بحران شدت اختیار کر گیا ہے‘شہرمیں گیس لوڈشیڈنگ شروع ‘پریشرمیں کمی کے باعث شہری پریشان ہوگئے‘ شہرِ قائد کے تین صنعتی زونز کو گزشتہ چار روز سے گیس کی فراہمی تعطل کا شکار ہے۔کراچی میں کیپٹو پاور پلانٹ سے چلنے والے بڑے ایکسپورٹ کے کارخانے بند پڑے ہیں،ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق مختلف گیس فیلڈز کی فنی خرابی کی وجہ سے ایس ایس جی سی کو مطلوبہ گیس کی مقدار میسر نہیں ہو رہی‘اس کے ساتھ کوئٹہ اور اندرون سندھ میں سردی بڑھنے کے سبب گیس پریشر میں غیر متوقع کمی ہو گئی ہے جسکے سبب گھریلو صارفین کو گیس کی سپلائی جاری رکھنے میں دشواری کا سامنا ہے‘دوسری طرف شہرِ قائد میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کے باعث کئی علاقوں میں گیس کا پریشر کم ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔موسم سرما شروع ہوتے ہی کراچی کے متعدد علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ بھی شروع ہو گئی ہے، چند علاقوں میں پریشر کم جب کہ کہیں کہیں گیس کی فراہمی بالکل معطل ہو گئی ہے۔ اسکیم 33کے مختلف علاقے، گلشن اقبال، کیماڑی، شاہ فیصل، گلستان جوہر، ماڈل کالونی، معین آباد، لیاقت اباد اور اختر کالونی سمیت مختلف علاقوں میں گھریلوصارفین کو گیس بندش یا پریشر میں کمی کا سامنا ہے۔دریں اثنا سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے سی این جی سیکٹر کو پیر کی صبح 8بجے سے گیس معطل ہے جو کہ منگل کی صبح بحال ہو نا تھی لیکن اب غیر معینہ مدت کی بندش سے شہر میں ٹرانسپورٹ کی قلت کا بھی مسئلہ پیدا ہو گیا ہے ،سی این جی پر چلنے والی بسیں سڑکوں سے غائب ہو گئی ہیں ،سی این جی رکشے بھی کم ہو نے کی وجہ سے کئی گنا زیادہ کرایہ وصول کرتے رہے ،سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے سندھ بھر میں سی این جی کی بندش پر احتجاج کرتے ہوئے 12دسمبر کو ایس ایس جی سی ہیڈ آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے‘ ان کا کہنا ہے کہ اس اہم مسئلے پر سندھ حکومت کیوں خاموش ہے،سندھ کی گیس کسی اور کو کیوں دی جارہی ہےاس پر انھیں احتجاج کرنا چاہیے ،کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی نے بھی گیس کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم، وزیر خزانہ، وزیر پیٹرولیم کی یقین دہانیوں کے باوجود ایس ایس جی سی نے تین ماہ کے لیے گیس بندش کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا، چیئرمین بزنس مین گروپ و سابق صدر کراچی چیمبر سراج قاسم تیلی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے 2روز پہلے کراچی میں ملاقات میں یقین دہانی کرائی تھی کہ ایس ایس جی سی صنعتوں اور کیپٹیو پاور پلانٹس کی گیس منقطع نہیں کر ے گی ،ہم وزیر اعظم سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنے وعدے کی پاسداری کرتے ہوئے ایس ایس جی سی کو گیس بندش سے روکیں۔

تازہ ترین