• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی ، گیس کی قلت پر ممبران کا احتجاج،لوڈ شیڈنگ کہیں نہیں،وزیر پٹرولیم

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی میں منگل کے روز گیس کی قلت پر ممبران نے احتجاج کیا۔ وزیرپٹرولیم و قدرتی وسائل غلام سرور خان نے کہا کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ ملک میں کسی بھی جگہ نہیں ہے البتہ تقسیمی نظام کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے جس پر حکومت توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ صرف سوئی سدرن گیس کمپنی میں سالانہ 26ارب روپے کی گیس چوری ہو رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار توجہ مبذول کرانے کے نوٹس پر جواب دیتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے اجلاس کی صدارت کی۔ آغا حسن بلوچ، محمد ہاشم اور محترمہ منور بی بی نے توجہ دلائو نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مستونگ، قلات، نوشکی اور کوئٹہ کے مضافات میں گیس کا پریشر بہت کم ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گیس بلوچستان سے پیدا ہوتی ہے لیکن ہمیں گیس نہیں ملتی۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران منگل کے روز صحافیوں نے اخبارات اور ٹی وی چینلز سے ملازمین کی چھانٹیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف پریس گیلری سے واک آئوٹ کیا۔ وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، پی ٹی آئی کی ممبران قومی اسمبلی میں عندلیب عباس اور زرتاج گل نے میڈیا لائونج میں آ کر صحافیوں سے اظہار یکجہتی کیا انکی یقین دہانی کے بعد صحافیوں نے پریس گیلری کا بائیکاٹ ختم کیا۔ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر قربان بلوچ، بہزاد سلیمی اور ارشد وحید چوہدری نے انہیں بتایا کہ اخبارات اور ٹی وی چینلز سے چھانٹیاں کی جا رہی ہیں ملازمین کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، کئی کئی ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہیں ۔وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ اخبارات کے واجبات پرویز مشرف، آصف زرداری اور نواز شریف دور کے ہیں۔ تسلیم شدہ واجبات ایک ارب 30 کروڑ روپے کے ہیں وفاقی حکومت نے 22 کروڑ روپے ادا کر دیئے ہیں۔ پنجاب حکومت کے 26 کروڑ روپے کی ادائیگی پراسس میں ہے ہم نے یہ ریلیف اس لئے دیا تھا کہ میڈیا انڈ سٹر ی کے ملازمین کو ریلیف ملے گا۔

تازہ ترین