• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا کی آزادی اس میں ہے حکومت اسکی کلائنٹ رہے ، فواد چوہدری

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی انتخابی سیاست ختم ہوگئی ہے، بند کمروں کی خبریں نہیں رکتی تو تحقیقات کی خبر کیسے رک سکتی ہے، رمیش کمار نے سستی شہرت کیلئے شراب سے متعلق قرارداد لانے کی کوشش کی ،نیب کا فرض بنتا ہے کہ کسی ہائی پروفائل کیخلاف کیس کھولتے ہوئے چارجز سامنے لائے، نیب قانون اور نئی میڈیا اتھارٹی سمیت کئی معاملات پر اپوزیشن سے بات ہورہی ہے، کوئی میری جگہ وزیر بننا چاہتا ہے تو مجھے پرابلم نہیں دو تین مہینے آکر مزہ لے لیں، پیمراسے مطمئن نہیں ہوں میڈیا میں نئی ریگولیٹری اتھارٹی بنانا ہوگی، اگر چینلز اور اخبارات حکومت نے چلانے ہیں تو ہم فیصلہ کریں گے کہ میڈیا پر کیا چلے گا اس لئے بہتر ہے کہ حکومت آپ کی کی کلائنٹ رہے تاکہ میڈیا کی آزادی برقرار رہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما محسن شاہنواز رانجھابھی شریک تھے۔محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی جس کیفیت کا اظہار کیا اس کا پس منظر نیب اور مقدمات نہیں ہے، پی ٹی آئی پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو کے ساتھ مل کر احتساب کررہی ہے،رمیش کمار جس جماعت میں بھی جاتے ہیں ان کے کچھ خاص مقاصد ہوتے ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے ن لیگ کیخلاف احتساب کا کام نیب کو آؤٹ سورس کردیا ہے۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ میرا خیال ہے نواز شریف اور آصف زرداری کی انتخابی سیاست ختم ہوگئی ہے، آصف زرداری اور نواز شریف نے بہت لمبا عرصہ کامیاب سیاست کی اب ان کی اگلی جنریشن سیاست میں آنے کیلئے تیار ہے، دونوں نے اپنے آخری الیکشن لڑلیے اور فارغ ہوگئے ہیں، آصف زرداری اور نواز شریف پر مقدمات اور قانونی چیلنجز اتنے بڑے ہیں کہ دیکھیں وہ بچ پاتے ہیں یا نہیں بچتے، مجھے نہیں پتا کسی کے خلاف ثبوت ہیں یا نہیں ہیں، بند کمروں کی خبریں نہیں رکتی تو تحقیقات کی خبر کیسے رک سکتی ہے، ان کیخلاف ایک کیس بھی ہم نے نہیں بنایا، نیب میں ہم نے چپراسی بھی بھرتی نہیں کیا یہ تمام بھرتی نواز شریف اور خورشید شاہ نے مل کر کی ہے، چیئرمین نیب پر انہیں اعتراض ہے تو جو مکا جنگ کے بعد یاد آئے وہ اپنے منہ پر مارنا چاہئے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے ن لیگ کی ڈیل کی کوششیں ناکام ہوگئی ہوں، سعد رفیق اور سلمان رفیق گرفتار ہوگئے ابھی پچاس لوگ پورے نہیں ہوئے، مریم اورنگزیب کیخلاف کیس کا مجھے نہیں پتا یہ نیب اور مریم اورنگزیب کا معاملہ ہے، نیب کا فرض بنتا ہے کہ کسی ہائی پروفائل کیخلاف کیس کھولتے ہوئے چارجز سامنے لائے، نیب پی آر کیلئے تگڑا بندہ رکھے جو کسی ہائی پروفائل کیخلاف کیس کے بارے میں لوگوں کو بتائے، احتساب کا سارا نظریہ نواز شریف کا دیا ہوا ہے، سیف الرحمٰن جیسا ڈراؤنا احتساب تو پرویز مشرف نے بھی نہیں کیا تھا۔ پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی رمیش کمار کی جانب سے شراب سے متعلق بل پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ رمیش کمار نے سستی شہرت کیلئے شراب سے متعلق قرارداد لانے کی کوشش کی ، قانون میں ترمیم سے کیا ہوگاجس کو شراب پینی ہے پیتا رہے گا جس کو نہیں پینی وہ نہیں پیئے گا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایم این ایز کی گاڑیوں سے انڈے ملنے کی خبر سے شاک لگا، حکومت اور اپوزیشن کی ہر بات پر لڑائی نہیں ہے، نیب قانون اور نئی میڈیا اتھارٹی سمیت کئی معاملات پر اپوزیشن سے بات ہورہی ہے، کئی جگہوں پر اے پی این ایس اور پی بی اے کے لوگ صحیح ہیں، میڈیا میں کارکنوں کی چھانٹی ہورہی ہے ہم نے انہیں بھی بچانا ہے اور میڈیا مالکان کو بھی ریلیف دینا ہے لیکن ہمارا قومی خزانہ ہمیں اجازت نہیں دے رہا، مجھے پاکستان کے خزانے، میڈیا مالکان اور میڈیا کارکنان کے مفادات میں توازن پیدا کرنا ہے۔حامد میر کے سوال کچھ لوگ آپ کی جگہ وزیر بنناچاہتے ہیں؟ کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہر کوئی وزیر بننا چاہتا ہے، مجھے پرابلم نہیں ہوگی دو تین مہینے آکر مزہ لے لیں، دور کے ڈھول سہانے لگتے ہیں جب آپ گھوڑے پر بیٹھتے ہیں تو حالات کا پتا چلتا ہے۔

تازہ ترین