• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، ریاستی انتخابات میں بی جے پی کو بدترین شکست

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں ریاستی انتخابات نے مودی حکومت کیلئے آئندہ برس کے عام انتخابات سے قبل خطرے کی گھنٹی بجادی ہے، بھارت کی پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں جہاں تین شمالی ریاستوں میں بی جے پی کو کانگریس کے مقابلے پر شکست کا سامنا ہے وہیں دو ریاستوں میں مقامی جماعتوں نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔چھتیس گڑھ ، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں کانگریس حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے ، ان تینوں میں بی جے پی کی حکومت تھی اور ان ریاستوں میں حکمراں جماعت کو شکست عام انتخابات سے قبل اس کیلئے شدید دھچکا قرار دیا جارہا ہے ۔ابتدائی نتائج کے مطابق چھتیس گڑھ میں کانگریس 68نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے جبکہ بی جے پی کے حصے میں 15نشستیں آئیں، راجستھان میں کانگریس کے امیدوار101نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوسکے جبکہ بی جے پی کےحصے میں73نشستیں آئیں، مدھیہ پردیش میں کانگریس 114 نشستوں پر کامیاب رہی جبکہ بی جے پی108نشستوں پرکامیابی حاصل کرسکی۔اس ریاست میں بہوجن سماج پارٹی 2 نشستیں حاصل کرسکی جس نے کانگریس کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ تیلنگانہ میں ٹی آر ایس88 نشستوں پر کامیاب رہی جو دو تہائی کی برتری سے بھی زیادہ ہے۔ تیلنگانہ میں کانگریس کے حصے میں 21نشستیںآسکیں ہیں جبکہ بی جے پی کو صرف ایک نشست ملی ۔ 40نشستوں والی ریاست میزورم میں ایم این ایف جیت 26 نشستیں جیت چکی ہے۔ اس ریاست میںکانگریس پانچ نشستوں پرکامیابی حاصل کرسکی جبکہ بی جے پی کے حصے میں صرف ایک نشست آسکی ۔مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں بی جے پی 15 برس سے اقتدار میں تھی جبکہ راجستھان میں وہ پانچ برس قبل اقتدار میں آئی تھی۔

تازہ ترین