• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشیائے ضروریہ عوام کی پہنچ سے دوراورمہنگائی نے کمر توڑ دی،نسیمہ حفیظ

کوئٹہ ( پ ر) پشتونخوامیپ کی سابق رکن قومی اسمبلی نسیمہ حفیظ پانیزئی نے کہا ہے کہ ملک میں بالعموم جبکہ پشتون بلوچ دو قومی صوبے میں بالخصوص مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑکر رکھ دی ہے آئے روز اشیائے خوردونوش اور اشیائے ضروریہ پر غیر ضروری ٹیکس عائد کرنے سے تمام اشیاء غریب عوام کی پہنچ سے دورہوچکی ہیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ایک جانب بلند وبالا دعوے کرکے انتخابات سے قبل 100دن کے منشور کا اعلان کیا گیا جس میں انہیں بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا لیکن دوسری جانب بجائے ناکامی کے اظہار کرنے کے حکومتی خزانے سے اخبارات میں لاکھوں روپے کے اشتہارات شائع کروائے گئے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے غریب عوام بالخصوص پشتونوں پر ہر قسم کے آئینی ، قانونی اور جائز کاروبارکے دروازے بند کرکے انہیں محنت مزدوری اور روزگار سے محروم کیا جارہا ہے ۔کراچی میں مختلف حیلے بہانوں سے ضلعی انتظامیہ نے عوام کی جمع پونجی سے بنائے گئے کاروبار کو چند منٹوں میں تجاوزات کے نام پر مسمار کردیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت اور بالخصوص سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے پشتون ،تاجر اور عوام دشمن اقدامات کو ترک کرکے تاجروں اورغریب عوام کی مسمار کی گئی عمارتوں کے عیوض انہیں کاروبار کیلئے متبادل جگہ فراہم کرکے معاوضہ دیا جائے اور متاثرین کی بحالی کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔
تازہ ترین