• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منزل تک پہنچنے کا راستہ اکابرین بتا چکے ہیں،پشتون ایس ایف

کوئٹہ (آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی اور پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ہمیں منزل اور منزل تک پہنچے کا راستہ معلوم ہے ایک صدی پر محیط تحریک ہر قسم کے حالات کا مقابلہ جوانمردی سے کر چکی ہے،پشتون قومی تحریک پشتون ایس ایف کی قربانیوں کے بغیر نامکمل ہے، فیڈریشن کے جان نثار ساتھیوں نے ہر مشکل کا مردانہ وار مقابلہ کرکے خون کے نذرانے پیش کئے لیکن ظالم جابر حکمرانوں کے سامنے سر تسلیم خم نہ ہوئے ، جلا وطنی ٹاچر سیلوں میں اذیتیں انکاعزم کمزور نہ کر سکا علم کے حصول کے ساتھ پشتون قومی تحریک میں ایک جوان بازو اور تعلیمی اداروں میں پرامن تعلیمی ماحول کے قیام ان کے فرض عین میں سرفہرست ہے۔ ان خیالات کا اظہار پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر ملک انعام کاکڑ، صوبائی جنرل سیکرٹری ملک سنگین مہترزئی ، صوبائی ترجمان مابت کاکا ، صوبائی سنئر نائب صدر ناصرخان میانی، نومنتخب یونٹ صدر مزمل خان، جنرل سیکرٹری سمیع اللہ خان ، شاہ محمود صدام بازئی ،صدام پانیزئی اور دیگر نے سائنس کالج ظریف شہید آیٹوریم میں نئے اور فارغ التحصیل طلبا کے اعزاز میں استقبالیہ اورسائنس کالج کی نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری کے موقع پر خطاب میں کیا ۔مقررین نے کہا کہ پشتونوں کو درپیش مسائل کا حل فکر باچاخان اور عوامی نیشنل پارٹی کے پروگرام میں مضمر ہے ۔ مقررین نے کہا کہ ہمیں منزل اور منزل تک پہنچنے کا راستہ نہ صرف اکابرین بتلا چکے بلکہ اسی راہ پر چلتے ہوے منزل کے بھی قریب ہو چکے ہیں لیکن باقی ماندہ اہداف کے حصول کے لئے ایک منظم اور فعال تنظیم کی ضرورت ہے قبل ازیں سائنس کالج کی نومنتخب کابینہ سے اور دیگر ارکان سے صوبائی صدر ملک انعام کاکڑ نے حلف لیا ۔ بعدازاں پشتو ثقافتی نندارتون ہوا جس میں پشتو کے معروف ہنر مندوں نے انقلابی کلام پیش کئے۔
تازہ ترین