• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے ٹرانسپورٹرز نے بسیں چلانے سے کیوں انکار کر دیا؟

کراچی کے ٹرانسپورٹرز نے آج بسیں چلانے سے انکار کر دیا ہے، ٹرانسپورٹ اتحاد نے کراچی میں بسیں چلانے کو گیس کی دست یابی سے مشروط کر دیا۔

کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ گیس کی بندش کی وجہ سے بسیں بھی غیر معینہ مدت تک بند ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے عوام کو آج سفر کے لیے متبادل بندوبست کرنے کا مشورہ بھی دے دیا۔

واضح رہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے کراچی سمیت سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنوں کو گیس کی سپلائی غیرمعینہ مدت تک بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کی وجہ سے بجلی پیدا کرنے والی صنعتوں کو گیس کی فراہمی بھی معطل کر دی گئی ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ سپلائی کم ہونے کے سبب کیپٹو پاور اور سی این جی سیکٹر کے لیے گیس کی سپلائی بند کی جا رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق 70فیصد گیس پیدا کرنے والے صوبہ سندھ کی تاریخ میں پہلی بار سی این جی غیر معینہ مدت تک بند ہو رہی ہے۔

ادھر سی این جی ایسوسی ایشن نے گیس بندش پر کہا ہے کہ گیس بحال نہ ہوئی تو کراچی کی شارع فیصل بلاک کر دیں گے۔

ایسوسی ایشن رہنما کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن کی موجودہ انتظامیہ کا رویہ افسوس ناک ہے۔

صنعت کاروں نے بھی بڑی صنعتوں میں اہم ترین کیپٹو پاور کی گیس سپلائی منقطع کیے جانے پر شدید تنقید کی ہے۔

صنعت کاروں کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ملکی پیداوار اور ایکسپورٹ پر کاری ضرب لگائے گا۔

تازہ ترین