• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مذہبی آزادی کی پامالی، پاکستان نے امریکی رپورٹ مسترد کر دی

پاکستان نے مذہبی آزادی کی پامالی کے امریکی الزام پر مبنی رپورٹ مسترد کر دی۔

دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے اس حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی رپورٹ یک طرفہ اور سیاسی جانبداری پر مشتمل ہے، پاکستان کو اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کسی ملک کے مشورے کی ضرورت نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہ کہ ایسے فیصلوں سے واضح امتیاز ظاہر ہوتا ہے، اس ناجائز عمل میں شامل خود ساختہ منصفین کی شفافیت پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کثیر المذہبی ملک اور کثرت پسندانہ معاشرہ ہے، جہاں مختلف عقائد اور فرقوں کے حامل لوگ رہتے ہیں، پاکستان کی آبادی کا 4 فیصد مسیحی، ہندو، بودھ اور سکھ عقائد سے تعلق رکھتا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ قانون سازی اور پارلیمنٹ میں نمائندگی کے لیے اقلیتوں کیلئے مخصوص نشستیں رکھی جاتی ہیں، انسانی حقوق کا آزادانہ قومی کمیشن اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھتاہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستانی حکومتوں نے اقلیتی مذاہب کے افرد کو تحفظ فراہم کرنے کو فوقیت دی ہے، اعلیٰ عدلیہ نے اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور املاک کے تحفظ کے لیے کئی اہم فیصلے دیے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل نے مزید کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کے 9 میں سے 7عالمی سمجھوتوں کا رکن ہے اور بنیادی حقوق کی آزادی سے متعلق ذمے داریاں ادا کر رہا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے یہ بھی کہا کہ انسانی حقوق کے علمبردار بننے والوں نے مقبوضہ جموں کشمیر میں مظالم سے آنکھ بند کر رکھی ہے، امریکا میں بڑھتے اسلاموفوبیا کے اسباب کا ایماندارانہ جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین