• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنسی ہراسگی کے الزام میں ساجدخان پر پابندی عائد

جنسی ہراسانی کے الزام میں ملوث ہدایت کار ساجد خان پر بھارتی فلم اینڈ ٹیلی ویژن ایسوسی ایشن نے ایک سال کی پابندی عائد کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار اور کوریو گرافر فرح خان کے بھائی ساجد خان پر تقریباً دوماہ قبل اداکارہ سلونی چوپڑا، صحافی کرشمہ اوپاڈہے اور اداکارہ ریچل وائٹ نے جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ جس کے بعد اب اُن پر انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویژن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن (آئی ایف ٹی ڈی اے) نے ایک سال کی پابندی عائد کردی ہے۔

خاتون صحافی سمیت کئی اداکارائوں کو جنسی ہراساں کرنے والے ساجد خان پر اداکار ہ بپاشا باسو نے بھی الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ خواتین کے ساتھ بیہودہ مذاق کرنے کے عادی ہیں۔ اس کے علاوہ اداکارہ دیا مرزا نےبھی ساجد خان کے خواتین کے ساتھ رویے کو قابل نفرت قراردیتے ہوئے ان پر لگے تمام الزامات کی تصدیق کی تھی۔

ساجدخان پر الزام لگائے جانے کے بعد آئی ایف ٹی ڈی اے کی جانب سے بنائی جانے والی کمیٹی نے ان کے خلاف تفتیش کا آغازکیا تھا اور نومبر میں ساجد خان کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس میں ساجد خان سے سات دن میں وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ آپ کے رویے نے انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویژن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن تنظیم کو بدنام کیا ہے۔

نوٹس کا جواب دیتے ہوئے ساجد خان نے اپنے اوپر لگے الزامات کی تردید کردی تھی۔ تاہم اب آئی ایف ٹی ڈی اے نے ساجد خان پر ایک سال کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔

واضح رہے دو ماہ قبل ساجد خان پر خواتین کی جانب سے جنسی ہراساں کرنے کے الزام لگائے گئے تھے جس کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایاگیا یہاں تک کہ اُن کی بہن فرح خان نے بھی اپنے کی حمایت کرنے سے انکار کردیا اور اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ اگر میرے بھائی نے اس قسم کا رویہ اختیار کیا ہے تو اسے اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی،وہ کسی بھی لحاظ سے اس طرح کا رویہ برداشت نہیں کرسکتیں۔

تازہ ترین