• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کیخلاف آئی سی سی جانا پاکستان کو مہنگا پڑگیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے قانونی جنگ مزید مہنگی پڑگئی۔

پی سی بی نے آئی سی سی میں 70 ملین ڈالرز زر تلافی کا کیس بھارت کیخلاف کیا،جس میں اسے شکست ہوئی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیس کے اخراجات کی مد میں پاکستان سے 15 کروڑ روپے مانگ لئے ہیں۔

بی سی سی آئی نے اس حوالے سے آئی سی سی کی ڈسپیوٹ کمیٹی کے سربراہ مائیکل بیلوف کو خط لکھ دیا ہے ۔

پی سی بی نے بھارت کی جانب سے باہمی کرکٹ سیریز نہ کھیلنے پر ہونے والے نقصان کے ازالے کیلئے آئی سی سی ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی میں کیس کیا تھا، جس میں 70 ملین یعنیٰ 447 کروڑ روپے ہرجانہ طلب کیا گیا۔

تاہم مائیکل بیلوف کی سربراہی میں آئی سی سی کمیٹی نے کیس کا فیصلہ بھارتی بورڈ کے حق میں دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کیس پر آنے والے اخراجات کا ازالہ چاہتا ہے،اس حوالے سے اس نے آئی سی سی ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کو خط لکھا ہے اور کیس پر اٹھنے والے 15 کروڑ روپے کے اخراجات پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان باہمی سیریز 2013 ءسے نہیں کھیلی گئی،نجم سیٹھی کے دور میں پی سی بی نے 2014 میں متنازع بگ تھری کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا تھا،جس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان 2015 سے 2023 تک 6 سیریز ہونا تھی، جن میں 14 ٹیسٹ 30 ون ڈے انٹر نیشنل اور 12 ٹی ٹوئنٹی شامل تھے لیکن بھارتی بورڈ نے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

پی سی بی نے بھارت کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی پر گزشتہ سال آئی سی سی میں اپیل دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ 2014 میں ہونے والے معاہدے کے بعد اگر پاکستان بھارت کے ساتھ دو طرفہ سیریز نہیں کھیلا تو پاکستان کو سیریز نہ ہونے سے بھاری نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی اپیل میں بھارت پر 70 ملین ڈالر جرمانہ عائد کرنے کی درخواست کی تھی تاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہونے والے نقصان کا ازالہ ہوسکے۔

تازہ ترین