• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فروخت شدہ مکان کی رقم ہتھیانے کے لئے پرائیویٹ پولیس پارٹی کا چھاپہ

کراچی کے سپرمارکیٹ تھانے کی پرائیویٹ پارٹی نے وراثت کا مکان فروخت کرنے والے خاندان سے پیسے ہتھیانے کے لئے دو بھائیوں کو تھانے میں بند کردیا، گھر سے بچیوں کے جہیز کے 29 ہزار روپے اور زیورات لوٹ لئے جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار روپے رشوت لے کر دونوں کو رہا کیا۔

ڈی آئی جی ویسٹ زون امین یوسف زئی نے ’جنگ‘ کو بتایا کہ لیاقت آباد تھانے کی پرائیویٹ پارٹی نے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ ہفتے کی صبح ساڑھے 4 بجے فیڈرل بی ایریا بلاک 11 میں مکان نمبر ڈی ٹی 22 پر چھاپا مارا۔

اہلکاروں نے پورے گھر کی تلاشی لی اور گھر کے مالک شاہ نواز عرف شانی کو حراست میں لےلیا۔ تلاشی کے دوران اہلکاروں نے ان کی اہلیہ ارم سے طلائی بندے اتروائے اور ان کی الماری میں موجود 29 ہزار روپے بھی لوٹ لئے۔

ڈی آئی جی ویسٹ نے مزید بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ چھاپہ مارنے والے اصلی پولیس اہلکار نہیں تھے بلکہ لطیف کیانی اور عمران شاہ ایس ایچ او سپرمارکیٹ سہیل وگن کیلئے مخبری اور چھاپہ مارنے کا کام کرتے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق خاتون ارم کی تحریری شکایت ملنے پر ایس ایچ او سہیل وگن کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اہلخانہ نے’جنگ‘ کو بتایا کہ ان کے شور شرابے پر ان کے جیٹھ مشکور احمد گھر سے نیچے آئے اور بھائی کو حراست میں لینے کی وجہ پوچھی تو انہیں بھی زدوکوب کرتے ہوئے اہلکاروں نے موبائل میں بٹھا لیا اور دونوں بھائیوں کو سپر مارکیٹ تھانے میں بند کردیا۔

اہلخانہ کے مطابق بعدازاں پولیس اہلکاروں نے گھر والوں سے رابطہ کرکے دونوں کی رہائی کے عوض 5 لاکھ روپے رشوت طلب کی بصورت دیگر دونوں بھائیوں کو دو دو کلو گرام چرس برآمد کرنے کے مقدمے میں گرفتار کرنے کی دھمکی دی۔

ان کے عزیز عمر بٹ نے بتایا کہ جب پولیس اہلکاروں کو بتایا گیا کہ وہ اتنے پیسے نہیں دے سکتے تو انہوں نے ایک روز قبل آبائی مکان فروخت حاصل ہونے والے لاکھوں روپے کی موجودگی کا حوالہ دیا۔ معاملہ ایک لاکھ 60 ہزار روپے میں طے ہوا اور رقم ادا کرنے کے بعد دونوں بھائیوں کو تھانے سے رہائی دی۔

تازہ ترین