• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت انتقامی کارروائیوں سے گریز کرے، خواجہ کلیم الرحمٰن

مانچسٹر (علامہ عظیم جی)پیپلزپارٹی برطانیہ کے سینئر نائب صدر خواجہ کلیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت انتقامی اقدامات سے گریز کرے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری بھٹو کو نیب کا نوٹس بھجوانا بی بی شہید کی قبر کا ٹرائل کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامی اور ناتجربہ کاری کو چھپانےکے لئے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے اپوزیشن رہنمائوں کو گرفتار اور انہیں ہراساں کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ریسٹورنٹ میں پیپلزپارٹی کارکنوں اور جنگ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ کلیم الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر بحرانی کیفیت سے گزر رہا ہے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہائی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ حکومت عوام سے تمام حقائق چھپا رہی ہے، انہوں نے نیب کو انتباہ کیا کہ وہ پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے خلاف نوٹس واپس لے ورنہ پیپلزپارٹی کے کارکن ملک کے اندر اور بیرون ملک اپنے رہنمائوں کے تحفظ کے لئے سراپا احتجاج ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت تباہ ہوچکی ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت کی قدر کم سے کم تر ہونے پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ حال ہی میں اوورسیز پاکستانیوں پر موبائل فون پاکستان لانے پر جو بلاجواز ٹیکس لگایا گیا ہے اسے فوری واپس لیا جائے اور خارجہ پالیسی کی مکمل ناکامی کو چھپانے کے بجائے دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر اس کا فوری حل تلاش کیا جائے اور امریکہ کی طرف سے پاکستان کو مذہبی طور پر بلیک لسٹ قرار دینے کا فوری قومی یکجہتی کے ساتھ نوٹس لے کر پوری قوم کو اعتماد میں لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا حل پیپلزپارٹی کے پاس موجود ہے۔
تازہ ترین