• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میاں نواز شریف نے ملک کو دہشت گردی سے نجات دلائی، حاجی پرویز

برسلز(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ ن بلجیم کے صدر حاجی پرویز نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف جب اقتدارمیں آئےتو ملک میں خوف وہراس پایا جاتا تھا اور ایسے حالات میں لوڈ شیڈنگ کا جن بھی بوتل سے باہر آیا ہوا تھا۔ ملک میں امن و امان کی غیر یقینی فضا اور دہشت گردی ہر گلی محلے کا مسئلہ بنی ہوئی تھی اور بلدیاتی اداروں کے انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے انفرااسٹرکچر تباہ و برباد ہوچکا تھا۔تب مسلم لیگ نون کی باصلاحیت قیادت نے ملک سے بحرانوں کے خاتمے اور امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے کلیدی اقدامات اٹھائےتو پاکستان سے سازشی عناصر کی کارروائیاں محدود ہوکررہ گئیں۔ مگر جب قائد مسلم لیگ نون میاں محمد نواز شریف کو اقتدار سے علیحدہ کیا گیا تو ملک میں مسائل اس شدت کے ساتھ موجود نہ تھے جس طرح آج ملک میں عوام مہنگائی اور دیگر بحرانوں سے نبرد آزما ہیں۔انھوں نے مسلم لیگ نون بلجیم کے نائب صدر ناصر چوہان اور فنانس سیکرٹری حاجی آصف جمیل کے ساتھ ملاقات میں استفسار کیا کہ مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف احتساب عدالت میں پیشی بھگت رہے ہیں اور قائد مسلم لیگ نون میاں محمد نواز شریف احتساب عدالت کے چکر پر چکر لگا رہے ہیں جبکہ عمران خان جو حکومت میں آرام سے بیٹھے ہیں انہیں چاہئے کہ جو چور ہے اور جس نے ڈاکہ ڈالا عوام کا مال کھایا۔تحریک انصاف ان عناصر کے خلاف کارروائیاں کرے۔ اب نعروں کا نہیں عمل کا وقت ہے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان اور انکی پارٹی ڈھنڈورہ پیٹ رہے ہیں کہ میاں نواز شریف نے 300سو ارب روپے کی کرپشن کی ہے۔اب حکومت کو چاہئے کہ وہ حقائق سامنے لائے۔ حاجی پرویز نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت نہ تو میاں محمد شہباز شریف کے خلاف کرپشن کے ثبوت فراہم کرسکی کیونکہ نیب کے پاس ابھی تک میاں محمد شہباز شریف کے خلاف پیسوں کی کرپشن ثابت ہی نہیں ہوسکی۔انھوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کو بغیر رشوت کے نیب پکڑ سکتی ہے تو بالکل اسی طرح نیب کو چاہئے کہ وہ حکومت میں بیٹھے کرپٹ عناصر جنہیں کافی سنگین الزامات کا سامنا ہے انکے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے۔ حاجی پرویز نے مزید کہا کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان کی ضمانتیں منسوح کرنا کہاں کا انصاف ہے جبکہ چوہدری پرویز الٰہی،علیم خان، زلفی بخاری جیسے لوگوں سے رعایت برتی جارہی ہے جوکہ موجودہ حکومت پر سوالیہ نشان ہے۔
تازہ ترین