• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی خزانے میں جلد کئی ہزار ارب جمع ہوجائینگے، چیئرمین پنجاب اینٹی کرپشن

کراچی (اسد ابن حسن) قومی خزانے میں بہت جلد کئی ہزار ارب روپے جو پنجاب کے بااثر لینڈ گریبرز دینے کو تیار ہوگئے، وہ جمع ہوجائیں گے۔ اس بات کا انکشاف پنجاب اینٹی کرپشن کے سربراہ حسین اصغر نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ جمعہ کو حسین اصغر کو 22گریڈ میں ترقی پانے کے حوالے سے، ڈیفنس کے ایک نجی بینکوئٹ ہال میں انکے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں موجودہ اور سابق ایف آئی اے، پولیس و دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران، بیوروکریٹس اور نامور شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں سابق ایف آئی اے افسر اور موجودہ ممبر اسمبلی شکور شاد نے حسین اصغر کو سندھی اجرک اور ٹوپی کا تحفہ دیا۔ حسین اصغر پاکستانی پولیس کے وہ واحد افسر ہیں جن کو میرٹ پر تفتیش کرنے، دباؤ نہ لینے اور غیر قانونی احکامات نہ ماننے پر 87مرتبہ تبادلہ کیا گیا۔ ماضی میں جب وہ کراچی میں ایس ایس پی سینٹرل اور ایڈیشنل ڈائریکٹر امیگریشن تعینات رہے تو وہ غیر شادی شدہ ہونے کی وجہ سے اپنے دفاتر کے ملحقہ ایک کمرے پے فولڈنگ چارپائی منگوا کر قیام کرتے رہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے انکشاف کیا کہ بطور اینٹی کرپشن سربراہ جب ان کی تعینائی ہوئی اور اُنہوں نے سرکاری زمینوں پر کئی دھائیوں سے قابض بااثر سیاسی و کاروباری شخصیات کے خلاف تحقیقات میرٹ پر شروع کروائیں تو بہت سے چشم کشا حقائق سامنے آئے۔ لاہور اور کراچی کی فائیو اسٹار ہوٹل چین جس نے لاہور کا ایک فائیو اسٹار ہوٹل سرکاری زمین پر قبضہ کرکے تعمیر کیا۔ ایک کنسٹرکشن ٹائیکون نے ہزاروں ارب روپے کی سرکاری زمین پر قبضہ کیا۔ لاہور کی ایک مشہور سیاسی شخصیت سمیت دیگر سیاسی شخصیات سرکاری زمینوں پر دو دہائیوں سے زائد سے قابض رہے اور وہاں اربوں روپے کے تجارتی اور رہائشی منصوبے تعمیر کرکے فروخت کرچکے ہیں۔ اُنہوں نے انکشاف کیا کہ ان تحقیقات کے دوران 5/6حکومتی ممبر اسمبلی نے تحقیقات رکوانے اور پریشر ڈالنے کیلئے حکومتی اعلیٰ شخصیت کو استعفیٰ دینے کی دھمکی دی مگر اُنہیں دھمکی درگزر کرتے ہوئے تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے کا پیغام موصول ہوا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کنسٹرکشن ٹائیکون ایک ہزار ارب روپے دینے پر رضامند ہوگئے ہیں، اسی طرح کئی قابضین 100سے 500ارب روپے دینے پر تیار ہوگئے ہیں اور بہت جلد قومی خزانے میں کئی ہزار ارب روپے جمع ہوجائیں گے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ بغیر دباؤ کے نوکری کرنے کے علاوہ ان کا شوق اسکولوں کی تعمیر ہے اور اُنہوں نے اب تک 50سے زائد غریب بچوں کیلئے پورے پاکستان میں اسکول تعمیر کیے ہیں۔ دوران تقریب شکور شاد، سابق ڈی جی ایف آئی اے سعود مرزا اور دیگر ریٹائرڈ افسران نے خطاب کے دوران پرانی یادیں تازہ کیں۔ حسین اصغر نے حاضر سروس افسران کو تلقین کی کہ وہ تبادلوں سے نہ گھبرائیں اور نوکری دبنگ طریقے اور ایمانداری سے کریں۔ مذکورہ تقریب کا اہتمام کاروباری شخصیات نے کیا تھا۔
تازہ ترین