• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آنیوالے دنوں میں پتہ چل جائیگا کون این آر او مانگ رہے تھے،افتخار درانی

کراچی (ٹی وی رپورٹ)مراد سعید نے جو کہا ہے آنے والے دنوں میں پتہ چل جائے گا کون این آر او مانگ رہے تھے اور یہ کیسز نیب کے نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے افتخار درانی نے جیو نیوز کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘ میں کر تے ہوئے کیا۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کی ناز بلوچ اور مسلم لیگ نون کے ملک احمد خان بھی شامل گفتگو رہے۔ملک احمد کا کہناتھا کہ مراد سعید پہلے بھی اس طرح کی باتیں کرتے رہے ہیں جس کی کوئی منطق نہیں ہوتی پھر بعد میں انہیں شرمندگی اٹھانی پڑتی ہے ۔ ناز بلوچ کا کہنا ہے کہ حکومت نے ابھی تک پارلیمنٹری کمیٹی نہیں بنائی، معیشت کے معاملات آپ کے سامنے ہیں ۔میں سمجھتی ہوں فواد چوہدری پھر کسی نہ کسی پارٹی کے ساتھ اگلی حکومت میں ہوں گے،میں چاہتی ہوں اُن لوگوں کو بھی پکڑا جائے جو ہر حکومت میں جوڑ توڑ کر کے گھس جاتے ہیں اور ابھی بھی موجودہ حکومت میں شامل ہیں اور مجھے یقین ہے اگلی دفعہ پھر وہ کسی نہ کسی پارٹی کے ساتھ جوڑ توڑ کر کےحکومت میں آجائیں گے ۔ افتخار درانی کا مزید کہنا تھا کہ بڑی دلچسپ بات ہے مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی نے لگایا ہے چیئرمین نیب کو اور وہ بات ہماری مان رہے ہیں ۔ مالم جبہ کیس میں ہمارے ایس پی ایم کو بلایا وہ گئے چیف منسٹر محمود خان ،پرویز خٹک اور عاطف خان گئے نیب سے پوری طرح تعاون کر رہے ہیں ۔پچھلے پچاس سال میں جو نظام بنا دیا گیا ہے اس میں ان لوگوں کی بڑی کوتاہی ہے ۔ملک احمد کا مزید کہناتھا کہ اگر کوئی ثبوت ملا ہے تو بابر اعوان کے خلاف ریفرنس دائر ہوا ہے نا ورنہ انکوائری تحقیقات میں نہیں بدلتی ڈراپ ہوجاتی ثبوت ملا توریفرنس فائل ہوا لیکن انہیں گرفتار نہیں کیا گیا اور وہ لوگ جن پر شک تھا انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ گیس بحران کے حوالے سے ترجمان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ کا کہنا تھا کہ فرنس آئل پر دو قسم کے ہوتے ہیں لوکل اور امپورٹڈ ، امپورٹ پر پابندی لگا دی گئی ہے اور لوکل والوں سے کہا کہ جب کھپت کم ہوجائے تو پانچ فیصد نکالا کریں گے۔

تازہ ترین