• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی،تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری رہے گا، 45دن کا نوٹس دیا جائے، سپریم کورٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ نے وفاقی، صوبائی اور شہری حکومتوں نے انسداد تجاوزات آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کے بعد گرینڈآپریشن جاری رکھنے اور سندھ ہائی کورٹ کو 15 دنوں میں رفاہی پلاٹوں پر حکم امتناع کے تمام مقدمات ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کا حکم دیا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے رفاہی پلاٹوں پر قائم گھروں اور مارکیٹوں کو 15 دن کے بجائے 45 دن کا پیشگی نوٹس دیا جائے۔ جبکہ ملبہ ہٹانے کیلئے سندھ حکومت کو کے ایم سی کو 20 کروڑ جاری کرے۔ دوران سماعت جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے سندھ حکومت آنکھ بند کرکے بیٹھی تھی جو شہر تباہ ہو گیا۔ میئرکراچی نے انسداد تجاوزات آپریشن کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کردی ، متاثرین کو 2105 دکانیں بنا کر دی جائیں گی۔ بدھ کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجاز الا حسن پر مشتمل تین رکنی لارجربنچ کے روبرو کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن سے متعلق سماعت ہوئی۔ اس موقع پر اٹارنی جنرل انور منصور خان، ایڈوکیٹ جنرل سندھ سلمان طالب الدین اور میئر کراچی وسیم اخترپیش ہوئے۔ وفاقی، صوبائی اورشہری حکومت نے مشترکہ لائحہ عمل پیش کیا۔
تازہ ترین