• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کا گیس بندش کیخلاف سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ میں گیس کی بندش کے خلاف سندھ بھر میں بھرپور احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے مرتضیٰ وہاب،امتاز شیخ اور اویس قادر شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے وفاقی حکومت کی عوام اور سندھ دشمن پالیسیوں کے خلاف سندھ کےہر ضلعی ہیڈکوارٹر میں احتجاج کیا جائے گا، عوام وفاقی حکومت کے مظالم سے تنگ آچکی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جس صوبے سے گیس پیدا ہو پہلا حق اس صوبے کا ہے، سندھ 70 فیصد گیس پیدا کرنے والا صوبہ ہے، آئین کے تحت گیس پر پہلا حق سندھ صوبے کا ہے۔

نثار کھوڑونے کہا کہ گیس کی بندش کرکے سندھ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا جا رہا ہے اور آئین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، گیس بندش کی وجہ سے گھریلو صارفین روٹی سے بھی محروم ہوچکے ہیں جبکہ صنعتیں اور سی این جو اسٹیشنز بند پڑے ہیں،جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ اور کاروبار سخت متاثر ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس بندش کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، وفاقی حکومت کی آئی ایم ایف سے ڈیل ہوچکی ہے۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ وفاق اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے سیاست کو بدنام کرنے پر گامزن ہے، وفاقی حکومت صرف سیاستدانون کو کرپٹ قرار دینے کے لئے بدنام کررہی ہے، پیپلز پارٹی مقدمات کا سامنا کرے گی، زیادتی کے خلاف عوام کے ساتھ کھڑے ہونگے۔

پی پی رہنما نے خبردار کیا کہ اگر سندھ سے زیادتی بند نہیں ہوئی تو سندھ سے دوسرے صوبوں کے لئے گیس کی فراہمی بند کردیں گے۔

نثار کھوڑو

پی پی رہنما مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ کے حقوق کو وفاق کی جانب سے پامال کرنے پر سپریم کورٹ ازخودنوٹس لے، گیس کی بندش آئین کے آرٹیکل 158 کے خلاف ہے، سندھ سے 70 فیصد گیس پیدا ہوتی ہے اور محروم بھی سندھ کو کیا جا رہا ہے، یہ کیسی مدینے کی ریاست ہے پہلے پانی بند اب گیس بند کردی گئی ہے، وزیراعظم سندھ کی عوام اور سندھ حکومت کو مجبور نہ کرےورنہ سندھ کی عوام سڑکوں پر ہوگی۔

امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سے رابطہ کیا مگر گیس بحالی پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ، گیس بندش کی وجہ سے کیپٹو پاور پلانٹ اور سی این جی اسٹیشنز بند ہوگئے ہیں، وفاقی حکومت نے تین دن کے بعد بھی سندھ کی آواز پر کوئی نوٹس نہیں لیا ہے۔

پی پی رہنما اویس قادر شاہ نے کہا کہ گیس بندش کی وجہ سے ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہے، سندھ کے ساتھ ناروا سلوک آج بھی جاری ہے، ہم اس احتجاج کا دائرہ بڑھائینگے۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے بعد اب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بھی نوٹس دیا گیا ہے، ہم کسی بھی ٹرائل اور جھوٹے مقدمات سے نہیں ڈرتے، وفاقی حکومت کو ہمارے خلاف جو کرنا ہے کرلے۔

تازہ ترین