• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک حادثات سے متعلق مختلف نوعیت کی خبریں آپ بھی آئے روز اخباروں میں پڑھتے او ر ٹی وی پر دیکھتے ہوں گے۔ان حادثات کی شرح میں کمی کےبجائے دن بدن اضافہ تشویشناک ہے۔ ایک اندازے کے مطابق،ہر سال دنیا بھر میں 12لاکھ سے زائد افراد ٹریفک حادثات کے سبب اپنی قیمتی جانیں گنوا بیٹھتےہیں۔ آپ بھی یہ تسلیم کرنے میں انکاری نہیں ہوں گےکہ ٹریفک حادثات غفلت، جلدبازی،غیر محتاط رویے اورٹریفک قوانین پرعمل نہ کرنے کے باعث پیش آتے ہیں۔ڈرائیونگ کرنے والے حضرات کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ ایک ایسا نشہ ہے، جس کے بغیرجینا محال ہے لیکن یہ نشہ ذرا سی بے احتیاطی کے سبب آپ سمیت کئی افراد کی زندگی چھین لینے کی وجہ بن جاتا ہے۔ آج ہم اپنے قارئین سے درخواست کرتے ہیں کہ موٹر سائیکل، گاڑی یا ٹرک چلانے میں خاصی احتیاط کا مظاہرہ کیجیے تاکہ ٹریفک حادثات کے باعث قیمتوں جانوں کے ضیاع میں کمی لائی جاسکے۔ تو آئیے سب سے پہلے اِس سلسلے میں کچھ عملی اقدامات اور اصولوں پر غور کرتے ہیں۔

٭نوجوانوں کی اکثریت گاڑی چلاتے وقت کانوں میں ہینڈز فری لگاکرخود کو بے حد مصروف،فیشن ایبل اور مگن تصورکرتی ہےجبکہ محکمہ ٹریفک اس عمل کو ٹریفک حادثات کا ایک بڑا سبب گردانتا ہے۔ ان کے مطابق ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال کرنے والے کسی بھی نوجوان کادماغ ایمرجنسی کی صورت میں ایک 70سالہ بوڑھے آدمی کے برابر ہو جاتا ہے۔ محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ 60فیصد ٹریفک حادثات کا سبب موبائل فون ہوتے ہیں۔ 37فیصد افراد فون پر مصروف ہونے کے سبب بروقت بریک نہیں لگاپاتے یہ صورتحال حادثات کا سبب بنتی ہے۔ ہمیں اس بارے میں خصوصی احتیاط برتنا چاہئے تاکہ حادثات سے محفوظ رہا جاسکے۔

٭گزشتہ ماہ پنجاب میں کچھ دن ٹھہرنے کا موقع ملاتووہاں کی سڑکوں پر ہیلمٹ پہن کر سفرکرنے کے قانون پر سختی سے عمل درآمد ہوتا دیکھ کر کافی خوشی محسوس ہوئی۔ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار وں کے دھڑادھڑ ہوتے چالان ایک مثبت تبدیلی کی نوید سنارہے تھے۔ اب پاکستان کے تمام صوبوں میں اس تبدیلی کی ضرورت ہے۔ محکمہ ٹریفک حادثات میں اموات کی بنیادی وجہ ہیلمٹ کے عدم استعمال کو بھی قرار دیتا ہے۔ ریسکیو1122کے اعداد و شمار کے مطابق ایسے حادثات، جن میں موٹر سائیکل سوارہیلمٹ پہنے ہوئے ہوں تو ان کی زندگی بچ جانے کے امکانات ان لوگوں کی نسبت زیادہ ہوتے ہیں، جوبغیر ہیلمٹ پہنے موٹرسائیکل چلاتے ہیں۔

٭پہلے نکل جانے کی دھن بھی حادثات کی ایک بڑی وجہ قرار دی جاتی ہے۔ یہ سوچ کر موٹر سائیکل یا گاڑی ہر گز نہ بھگائیں کہ آپ نے مخصوص وقت میں کسی جگہ پہنچ جانا ہے، یہ سوچ کئی نوجوانوں کی جان لینے کاسبب بنتی ہے، لہذاٹریفک کی نوعیت دیکھتے ہوئے ڈرائیونگ کیجیےکیونکہ اوور اسپیڈنگ آپ کی ہی نہیں دوسروں کی جان لینے کا سبب بھی بن سکتی ہے ۔

٭ ٹریفک حادثات کا ایک بڑا سبب ون ویلنگ اور موٹر سائیکل پر کرتب دکھانا بھی ہے جسے ہمارے نوجوان فخرکاباعث سمجھتے ہیں لیکن ون ویلنگ یا کرتب دکھانا کئی جان لیوا حادثات کا سبب بن جاتا ہے۔اگر آپ بطور والدین اپنے18سال سے کم عمر بچے کو لاڈ پیار میں گاڑی یا موٹر سائیکل دلوارہے ہیں تو یقین جانیے آپ حادثات کود دعوت دے رہے ہیں۔

٭باہر کے ممالک اور پاکستان میں ڈرائیونگ کرنے میں ایک اہم فرق ’اوور ٹیکنگ‘ کا ہے۔ مغرب کی سڑکوں پر اوو ر ٹیکنگ کے بعدبھاری بھر کم جرمانہ نصیحت کے طور پر کیا جاتا ہےجبکہ ہمارے یہاں روز صبح و شام شاہراہوں پر کئی افراد پیچھے سےاچانک اوور ٹیک کے ذریعے گزرجانے والی گاڑی کے باعث اپنا خون جلانےکے سوا کچھ نہیں کرسکتے۔ یہ گاڑیاں کئی حادثات کا سبب بھی بن جاتی ہیں ،اسی لیے ڈرائیور زکے لیے ضروری ہے کہ سفر کے دوران گاڑی کی رفتار کے مطابق لین پر چلیں۔خاص طور پر ایسی شاہراہوں پر کہ جہاں بیک وقت کئی لینز پر ٹریفک کی آمد و رفت تیزی سے جاری ہو۔ اگر دائیں یا بائیں موڑ لینا ہو تو پہلےہمیشہ انڈیکیٹر کے ذریعے دیگر ڈرائیوروں کو اپنے ارادے سے آگاہ کریں۔

٭دوران ڈرائیونگ صرف شیشوں پر بھروسہ مت کیجیے بلکہ چاروں اطراف بھی نظر رکھیں ۔گاڑی کے اردگرد ایسی جگہیں ہوتی ہیں، جو شیشے میں نظر نہیں آتیں۔ لہٰذا کوشش کیجیے کہ نہ صرف شیشوں بلکہ آگے پیچھے بھی نظر رکھیں۔

٭اگر آپ اپنی اور دوسروں کی زندگی کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں توخاص طور پر ایسی شاہراہوں پرجہاں ٹریفک کی روانی بہت تیز ہو ،اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ ضرور رکھیں۔ اس سلسلے میںاگلی گاڑی سے کم از کم دو سیکنڈ کا فاصلہ رکھنا بہت ضروری ہے۔ برسات کے موسم میں یہ فاصلہ حسب ضرورت بڑھا لینا چاہیے۔

٭آپ کی جسمانی حالت ڈرائیونگ کو متاثر کر سکتی ہے۔مثال کے طور پر،بعض بیماریوں یا پھر زخمی ہونے کی وجہ سے محتاط طریقے سے ڈرائیونگ کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔دوسری چیز جوسب سے اہم ہے، وہ یہ کہ اگرآپ دوسروں کی زندگیوں کی قدر کرتے ہیں تو نشے کی حالت میں گاڑی نہ چلائیں۔

٭سیٹ بیلٹ کی اہمیت کو جانتے ہوئے اسے باندھ لیں۔اس کا استعمال حادثے کی صورت میںآپ کے جسم کو ناقابل تلافی نقصان سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

تازہ ترین