• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانی چوری کرکے کار سروس اسٹیشنوں کودینے کے خلاف واٹربورڈ کی کارروائی

کراچی میں واٹر بورڈ کا پانی چوری کرکے کار سروس اسٹیشنوں پر کمرشل استعمال کے خلاف واٹربورڈ میں کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے آج پہلے مرحلے میں شہر کے چار سروس اسٹیشن کے کنکشن منقطع کرکے انہیں سربمہر کر دیا ہے۔

کراچی کے ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے مینجنگ ڈائریکٹر خالد شیخ شیخ نے اس سلسلے میں فوکل پرسن راشد صدیقی کی سربراہی میں خصوصی ٹاسک فورس قائم کردی ہے۔ واٹر بورڈ کی ایک خصوصی ٹیم نے نیو ایم اے جناح روڈ، کشمیر روڈ، مزارقائد اور گرو مندر پر کارروائیاں کی ہیں۔

فوکل پرسن راشد صدیقی نے جنگ کو بتایا کہ نیو ایم اے جناح روڈ کے ایک پیٹرول پمپ کے کار سروس سٹیشن پر پانی کے 6 جبکہ دیگر سروس اسٹیشنوں پر دو دو غیرقانونی کنکشن پکڑے گئے ہیں۔ واٹر بورڈ کی خصوصی ٹیم نے پہلے مرحلے میں چاروں پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشوں پر کار سروس سٹیشن کے پانی کے کنکشن منقطع اور لائنوں کو سیل کردیا ہے۔

فوکل پرسن راشد صدیقی کے مطابق واٹر کمیشن کی ہدایت پر کراچی میں کسی بھی کمرشل استعمال کیلئے زیر زمین پانی استعمال کرنے پر پہلے سے ہی پابندی عائد ہے لہذا کار سروس اسٹیشن کے مالکان کو زیر زمین پانی استعمال کرنے پر بھی پابند کیا جا رہا ہے۔


راشد صدیقی کے مطابق کار سروس اسٹیشنز کے کاروبار سے واٹر بورڈ کو کوئی آمدنی نہیں ہے جبکہ بعض سروس اسٹیشن مالکان گھریلو کنکشن پر پہلے ہی کمرشل کام کر رہے ہیں، واٹربورڈ حکام کے مطابق کراچی میں پانی کی قلت پر قابوپانے کیلئے اس نوعیت کے اقدام کئے جارہے ہیں۔ واٹربورڈ حکام کے مطابق شہر بھر میں کار سروس اسٹیشن کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ بڑھایا جارہا ہے۔

تازہ ترین