• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلد نواز شریف جیل میں ہوں گے، فواد چوہدری

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ایک بار پھر سابق وزیر اعظم نواز شریف کے جیل جانے کی پیش گوئی کردی، اُن کا کہنا ہے کہ نواز شریف فلیگ شپ ریفرنس میں جلد جیل میں ہوں گے۔

جہلم میں صحافیوں سے گفتگو میں فواد چوہدری نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کے لیے اپوزیشن نے بلیک میل کیا، پارلیمنٹ نہیں چل رہی تھی اس لئے یہ فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا ایجنڈا صرف شور شرابا کر کے مقدمات سے جان چھڑانا ہے، اپوزیشن دباؤ ڈال کر این آر او لینا چاہتی ہے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ رانا ثناء اللہ کو ماڈل ٹاؤن کیس میں گرفتار ہونا چاہیے، تحریک انصاف کے لوگ تو حکومت میں نہیں رہے، اس لیے نیب تحقیقات مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے خلاف ہو رہی ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن نے ایوان میں وزیر اعظم کو پہلی تقریر سے روکا ،اپوزیشن غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے،حکومت نے پبلک اکاؤنٹ کمیٹی میں بھی اپوزیشن کی سنی، اپوزیشن اس کے باوجود ہنگامہ آرائی پر اتری ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کو بہانا بنایا جارہا ہے، جو سارے ملزمان ہیں وہ اسمبلی کو نیب کی صفائیاں دینے کے لیے استعمال کر رہے ہیں ،عوامی ایشوز کو ایوان میں وقت نہیں مل رہا، ایوان میں آکر نیب کو کوستے ہیں ، ان کا رونا دھونا چل رہا ہے،اس وقت اپوزیشن کا ایجنڈہ یہ ہے کہ مقدمات سے جان چھڑائی جائے، اپوزیشن کی کوشش ہے کہ دباو ڈال کر این آر او لیا جاسکے۔

وزیراطلاعات نے کا کہنا تھا کہ کوئی ایسا محکمہ نہیں کہ نواز شریف اور کمپنی نے جس پر ہاتھ رکھا ہو اور وہ تباہ نہ ہوا ہو۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم کہتے ہیں کہ نیا پاکستان بنارہے ہیں تو واقعی ہم سب کچھ ٹھیک کرکے نیا پاکستان بنا رہے ہیں،نواز شریف اور زرداری کرپشن چھپانے کے لیے گرج برس رہے ہیں۔

تازہ ترین