• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری ٹی وی کو منافع بخش اور ریڈیو پاکستان کو پیروں پر کھڑا کرینگے،فواد چوہدری

اسلام آباد( پرویز شوکت) وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان کو ایک انتظامی کنٹرول میں لانے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں‘ دونوں اداروں کا بورڈ ایک کردیا ہے‘ اس سال سرکاری ٹیلی ویژن کو منافع بخش ادارہ بنائیں گے جبکہ ریڈیو پاکستان کو دو سال میں اپنے پیروں پر کھڑا کریں گے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شاہدہ رحمانی کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت علی محمد خان نے بتایا کہ پی بی سی کے اثاثوں کے ضمن میں فیصلہ پی بی سی بورڈ آف ڈائریکٹرز کرتا ہے جو مجاز فورم ہے۔ علی محمد خان نے کہا کہ پی بی سی کی عمارت کو پٹہ پر نہیں دیا جارہا ہے۔کسی کو بیروزگار نہیں کریں گے۔ وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ریڈیو کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ہر سال پانچ ارب 65 کروڑ حکومت دیتی ہے۔ریڈیو کی آمدن 20 کروڑ روپے ہے۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی طرف سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ زلفی بخاری بیرون ملک رہتے ہیں‘ اس لئے وہ تارکین وطن کے معاملات کو بہتر سمجھتے ہیں‘ وزیر اعظم اپنے صوابدیدی اختیارات کے تحت کسی کو بھی اپنا معاون مقرر کر سکتے ہیں۔محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ اسسٹنٹ و ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی تعیناتیاں کی گئی ہیں ان کا مطلوبہ تجربہ و اہلیت نہیں ہے۔ علی محمد خان نے کہا کہ اگر کسی کا تجربہ پورا نہیں ہے تو ان کے بارے میں تفصیلات بتا دیں اس کا جائزہ لیں گے۔

تازہ ترین