• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی اورسینیٹ میں اپوزیشن کا احتجاج،واک آؤٹ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ‘اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پیرصابر شاہ کے میڈیاٹرائل ‘راناثناءاللہ کے خلاف نیب انکوائری اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کئے جانے پرقومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں نے احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ایوان زیریں میں حکومت کی اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی)کے سربراہ اختر مینگل نے بھی اپوزیشن کا ساتھ دیا۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کئے جانے پر اپوزیشن کی جماعتوں نے ایک بار پھر احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ا سپیکر اسد قیصر نے اجلاس پیر کی شام تک ملتوی کردیا۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم تین دن سےسعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں‘ یہ اُن کا استحقاق ہے‘ اُن کے ووٹرز نے اس ایوان میں اُن کی نمائندگی کرنے کے لیے بھیجا ہے،اُنہیں اس حق سے محروم نہ کیا جائے ۔ قبل ازیں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے بھی خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پروڈکشن آرڈر کا اجر اء پارلیمنٹرین کا حق ہے ۔ اس لیے اُن کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں ۔ راجہ پرویز اشرف اور مولانا جمال الدین نے بھی خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا تاہم قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کو ایوان میں لانے سے متعلق ہم قانونی مشاورت کررہے ہیں۔
تازہ ترین