• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ،بلوچستان میں پانی کی صورتحال پر کمیشن قائم،2ہفتے میں رپورٹ طلب

اسلام آباد(صباح نیوز) سپریم کورٹ نے بلوچستان میں پینے کے پانی کی صورتحال پر کمیشن قائم کرکے دو ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بھاگ ناڑی تالاب سے لوگوں کو پانی پلا کر انکی زندگیوں سے کھیلا جارہا ہے۔ جمعہ کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے بلوچستان کے علاقے بھاگ ناڑی میں پانی کے بحران سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں بھاگ ناڑی میں پانی کے تالاب کی ویڈیو چلائی گئی۔وڈیو دیکھ کر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ تالاب سے گدھوں پر پانی لے جایا جاتا ہے، حکومت بلوچستان یہ ویڈیو دیکھے، اس طرح کا پانی لوگوں کو پلا رہے ہیں، یہ پانی لوگوں کو پلا کر ان کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں، کسی نے آر او پلانٹ نہیں لگایا۔ڈی سی بولان نے عدالت کو بتایا کہ سارے مسائل کی وجہ علاقے میں پانی کی کمی ہے، از خود نوٹس کے بعد صوبائی کابینہ نے 7کروڑ 50لاکھ کی منظوری دے دی ہے۔بھاگ ناڑی کے مکین نے عدالت کو بتایا کہ ہماری حالت تھر سے بھی بدتر ہے، کوئٹہ سے ہمارا علاقہ دو سو کلومیٹر دور ہے، بھاگ ناڑی میں واٹر سپلائی اسکیم 2000سے غیرفعال ہے۔
تازہ ترین